پی آئی اے اپنی سروسز کے معیار میں بہتری لانے کیلئے کوشاں

قومی ائیرلائن نے نیا مسافر طیارہ حاصل کر لیا، جلد مزید طیارے بیڑے میں شامل کرنے کا اعلان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 اکتوبر 2021 18:37

پی آئی اے اپنی سروسز کے معیار میں بہتری لانے کیلئے کوشاں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2021ء) پی آئی اے اپنی سروسز کے معیار میں بہتری لانے کیلئے کوشاں، قومی ائیرلائن نے نیا مسافر طیارہ حاصل کر لیا، جلد مزید طیارے بیڑے میں شامل کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے نے دنیا کی بہترین ائیرلائنز کی صف میں دوبارہ شمولت کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک جدید مسافر طیارہ قومی ائیرلائن کے بیڑے میں شامل کر لیا گیا۔



بتایا گیا ہے کہ لیز پر لیا گیا ایئربیس 320 طیارہ پاکستان پہنچ گیا، اس حوالے سے پی آئی اے کے سی ای او کی جانب سے خصوصی ٹوئٹ بھی کیا گیا۔ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے اپنے ایک اور بیان میں طیاروں کے حصول میں تعاون کیلئے وزیر ہوابازی اور وزارت خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئے اور بہتر طیاروں کے حصول سے پی آئی اے کے پروڈکٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، پی آئی اے نے حالیہ دونوں میں آپریشن اور سیفٹی کے تمام بین الاقوامی معیار میں بہتری حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے رواں سال میں ڈرائی لیز پر یہ دوسرا طیارہ حاصل کیا ہے۔ مسافر طیارہ فرانس کے شہر پرپیگنن براستہ مصر اسلام آباد پہنچا، ایئربیس 320 طیارہ 6 سال کی لیز پر حاصل کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے بیڑے میں مزید مسافر طیارے شامل کیے جائیں گے، جبکہ ہفتے کے روز ملک پہنچنے والا اے 320 طیارہ آئندہ چند روز میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں باضابطہ طور پر شامل کرلیا جائیگا۔

پی آئی اے نے 3 ہفتے قبل بھی ڈرائی لیز پر ایک طیارہ حاصل کیا تھا جو کہ پہلے سے ہی آپریشنل کیا جا چکا۔ پی آئی اے حکام کے مطابق موجودہ انتظامیہ کے دور میں یہ تیسرا طیارہ ہوگا جو کہ پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنا، اس طیارے کی شمولیت سے پی آئی اے بیڑے میں ائیر بس 320 طیاروں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے، جبکہ بزنس پلان کے مطابق مزید طیارے پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے۔

میں شائع ہونے والی مزید خبریں