’ففٹی ففٹی‘ کے اداکار ماجد جہانگیر کسمپرسی کا شکار

تنگ دستی کی وجہ سے فالج اور دیگر امراض کے علاج کے لیے ادویات تک خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے

اتوار 24 اکتوبر 2021 15:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) پاکستان ٹیلی ویژن(پی ٹی وی) پر 80 کی دہائی میں نشر ہونے والی ڈراما سیریز ففٹی ففٹی سے شہرت پانے والے اداکار ماجد جہانگیر ان دنوں مالی مشکلات کا شکار ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ایک انٹرویومیں ماجد جہانگیر نے کہا کہ تنگ دستی کی وجہ سے وہ فالج اور دیگر امراض کے علاج کے لیے ادویات تک خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس 14 اگست سے قبل گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے انہیں فون کر کے بتایا تھا کہ انہیں یوم آزادی پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازا جا رہا ہے جس پر ماجد جہانگیر نے گورنرسندھ سے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے اگر ان کی 50 سالہ فنکارانہ خدمات کا اعتراف کیا جارہا ہے تو مہربانی ہے مگر انہیں علاج کی ضرورت ہے اور وہ اس حوالے سے مدد کی اپیل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گورنر سندھ نے ان کی اپیل کے جواب میں کہا تھا کہ کچھ کرتے ہیں تاہم ڈیڑھ سال کا عرصہ بیت جانے کے باوجود ان کی جانب سے کچھ نہیں کیا گیا۔ماجد جہانگیر نے بتایا کہ انہیں ماہانہ دواؤں کے لیے 30 ہزارر وپے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ فزیو تھراپی اور ڈاکٹرکے معائنے کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں، درخواست ہے کہ حکومت میری مدد کرے۔انہوںنے بتایا کہ ان کے والدین، بھائی اور اہلیہ دنیا سے جا چکے ہیں، مشکل وقت میں کچھ دوست ہیں جو مددکردیتے ہیں۔ماجد جہانگیر کا کہنا تھا کہ لاہور میں ملک ریاض کی جانب سے ملنے والے گھرکے پڑوس میں مسعود صاحب اور ان کے اہلخانہ کھانے پینے کا خیال رکھتے ہیں جبکہ کراچی میں وہ ایک دوست کے فلیٹ پر قیام کر لیتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں