چیف جسٹس صاحب سے اپیل ہے نسلہ ٹاور کے متاثرین کا کوئی قصور نہیں ،اصل ذمہ دار ان کیخلاف ایکشن لینا چاہئے،عامر خان

چیف جسٹس صاحب آپ کے آرڈر پر مکمل عمل نہیں کیا جارہابلکہ نسلہ ٹاور گرانے میں پھرتی دکھائی جا رہی ہے اور متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے میں سندھ حکومت ناکام نظر آتی ہے،وسیم اختر

بدھ 27 اکتوبر 2021 00:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے نسلہ ٹاور پر متاثرین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں نسلہ ٹاور کے متاثریں سے اظہار یکجہتی کیلئے موجود ہیں اور ہم چیف جسٹس صاحب سے دردمندانہ اور ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتے ہیں کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین کا کوئی قصور نہیں ہے انہوں نے اپنی زندگی کی تمام جمع پونجی لگا کر یہ جگہ خریدی ہے جو لوگ اصل ذمہ دار ہیں ان کے خلاف بھی ایکشن لیاجانا چاہئے لیکن خدارہ نسلہ ٹاور کے حوالے سے آنے والے فیصلے پر نظر ثانی کریں انکے پاس اس جگہ کے علاوہ کوئی متبادل جگہ موجود نہیں نسلہ ٹاور سے محروم ہونے کے بعد انکے سروں سے چھت ہمیشہ کیلئے چلی جائیگی یہاں کہ متاثرین روز جی رہے ہیں روز مر رہے ہیں،ہر وقت انکو یہ ڈر لگا رہتا ہے کہ یہ بلڈنگ اب گرادی جائیگی انکی پریشانی کوئی نہیں سمجھ سکتا محترم چیف جسٹس صاحب آپ بھی اس کراچی سے تعلق رکھتے ہیں کراچی کے عوام پہلے ہی ظلم و زیادتیوں کی چکی میں پس رہے ہیں سندھ حکومت نے ظلم کی انتہا کی ہوئی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے خدارا ان پر رحم کریں یہ لوگ کوئی ضد نہیں کر رہے آپ نے جو آرڈر دیا ہے اسکو یہ مان رہے ہیں آ پ نے اس آرڈر میں یہ بھی کہا ہے کہ متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے آپ کے آرڈر پرمکمل عمل نہیں کیا جارہا بلکہ نسلہ ٹاور گرانے میں پھرتی دکھائی جا رہی ہے اور متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے میں سندھ حکومت ناکام نظر آتی ہے پانی، بجلی، گیس کاٹ دی ہے سیوریج کی لائن کاٹی جا رہی ہے،آپ سندھ حکومت کو پابند کریں اور یہ بھی سندھ حکومت کو یاد رہے کے انکے ماتحت اداروں نے ہی یہاں کے نقشے پاس کئے ان لوگوں کا کیا قصور انکے پاس تمام نقشے اور دیگر کاغذات موجود ہیں جو سندھ حکومت کے ماتحت اداروں نے پاس کئے اس کے بعد متاثرین نے یہ جگہ خریدی یہ نسلہ ٹاور کے متاثرین کو سرچھپانے کیلئے متبادل جگہ فراہم کریں۔

(جاری ہے)

عامر خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ نسلہ ٹاور کے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل کی جائے جس میں وزیر اعلی سندھ و دیگر اعلی حکام شامل ہوں اور انکو یہ بھی واضع کردیں کہ جلد سے جلد انکا مسئلہ حل کریں۔اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ نسلہ ٹاور کے رہائشی قابضین نہیں ہیں ان لوگوں نے اپنی زندگی کی جمع پونجی لگا کر یہاں پر تمام اداروں سے تصدیق شدہ مکمل کاغذات کے ساتھ فلیٹ خریدے تھے یہ لوگ کہاں جائیں گے،جو قابضین سہراب گوٹھ پر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں ان کیخلاف تو آپ لوگ کوئی کاروائی نہیں کرتے۔

اس موقع پر ڈپٹی کنوینر وسیم اختر،اراکین رابطہ کمیٹی،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور نسلہ ٹاور کے مکین بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں