ہچیسن پورٹس نے مینگروو کے پودوں کی شجرکاری کے لیے WWF-P کے ساتھ معاہدہ کرلیا

بدھ 27 اکتوبر 2021 00:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) ہچیسن پورٹس پاکستان (HPP) نے سماجی اور ماحولیاتی ذمہ داریوں کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم رہتے ہوئے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ ۔ پاکستان (WWF-P) کے ساتھ "رنگ دو پاکستان " مہم کے لئے معاہدہ کرلیا۔ اس معاہدہ کے تحت ہچیسن پورٹس پاکستان آئندہ پانچ سالوں میں کراچی کی ساحلی پٹّی کے ساتھ منگرووز کے تقریباًً 500,000 پودوں کی شجر کاری کرے گا۔

اس حوالے سے حال ہی میں معاہدے کی ورچوئل تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس منصوبے کے تحت ہر سال 50ایکڑ رقبے پر تقریباًً 100,000پودے لگائے جائیں گے۔ WWF-P نے "رنگ دو پاکستان" پراجیکٹ کا آغاز ڈی فارسٹیشن میں نمایاں تیزی سے نمٹنے کے لئے کیا ہے اور ساتھ ساتھ یہ پراجیکٹ وزیر اعظم پاکستان کی10 Billion Tree Tsunamiمہم کی بھی معاونت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ،ہچیسن پورٹس کی ایم ڈی برائے ایم ای اے ریجن ، Andy Tsoi نے کہا کہ ،"ہچیسن پورٹس ایک عالمی سطح پرذمہ دار کاروباری ادارے کی حیثیت سے نہ صرف اپنے حصص یافتگان کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے بلکہ ساتھ ہی ان تمام کمیونیٹیز کو بھی فائدہ پہنچانے کی کوشش کرتا ہے جوہمارے ساتھ منسلک ہیں ۔

ہم اپنے کارپوریٹ انوائرمنٹل، سوشل اینڈ گورننس (ESG)اہداف کے تحت کمیونٹی پرسرمایہ کاری کے حوالے سے پُرعزم ہیں ۔اس حوالے سے ہم نے WWF پاکستان جیسے باوسوخ ادارے کے ساتھ شراکت داری اختیار کی تاکہ مستحکم ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم نہ صرف مینگرووز کے پودے لگائیں بلکہ ان کی حفاظت بھی کر سکیں"۔ اس ہی موقع پر WWF پاکستان کے حماد نقی خان نے اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ،"پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کے صرف 3 فیصدحصّے پردرخت موجود ہیں اور خطے میں ہونے والی جنگلات کی کٹائی کے تناظر میں ہمارے ملک کا شمار بلند شرح کے حامل ممالک میں کیا جاتا ہے ۔

اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 10 بلین درختوں کی شجر کاری کا اقدام انتہائی خوش آئین ہے او رہم اس معاہدے پر دستخط کرنے اوراپنے ماحولیاتی نظام میں مستحکم بہتری لانے میں اپنامثبت کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔ اس حوالے سے کارپوریٹ سیکٹر کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہم سبزہ و ہریالی میں اضافے نیز گرین ہائو س گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے ہچیسن پورٹس پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور تعاون پر اُن کے انتہائی مشکور ہیں "۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں