بلدیہ عظمی کراچی کے پارکس، گارڈن،عمارتیں اور سٹی کونسل ہال کو ادبی کانفرنسوں اور مشاعروں کے انعقاد کے لئے استعمال کیا جائے گا، مرتضیٰ وہاب

انگریزی زبان سیکھتے سیکھتے ہم نے اپنی قومی زبان اردو کو بھلا دیا ہے، نئی چیزیں سیکھنی شروع کی ہیں اس کی وجہ سے آج اردو زبان کا یہ حال ہے

اتوار 28 نومبر 2021 00:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی کے پارکس، گارڈن،عمارتیں اور سٹی کونسل ہال کو ادبی کانفرنسوں اور مشاعروں کے انعقاد کے لئے استعمال کیا جائے گا، انگریزی زبان سیکھتے سیکھتے ہم نے اپنی قومی زبان اردو کو بھلا دیا ہے، ہم نے اپنے ماضی کو بھلا کر جو نئی چیزیں سیکھنی شروع کی ہیں اس کی وجہ سے آج اردو زبان کا یہ حال ہے، ایسی کانفرنسز منعقد ہونی چاہئیں تاکہ آنے والے بچوں کو ماضی کے ہیروز سے روشناس کرایا جاسکے، یہ بات انہوں نے انجمن ترقی اردو کے زیر اہتمام مولوی عبدالحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر صدر انجمن ترقی واجد جمال، سابق صدر جامعہ کراچی شعبہ اردوڈاکٹر شاداب احسانی، اردوکے نامورادیب محقق وادب دوست شہری تقریب میں شریک تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بریسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ لمحہ فکریہ ہے کہ کراچی سے زیادہ لاہور میں بہتر اردو سنی اور بولی جاتی ہے، بدقسمتی سے ہم لوگوں نے تہذیب وتمدن کو بھلا دیا ہے جس کی وجہ سے آج اردو کا یہ حال ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے اجتماعات اب بند کمروں میں نہیں ہونے بلکہ بڑی بڑی جگہوں پر کھلی فضاء میں ہونے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ آج بھی بلدیہ عظمی کراچی کی کونسل کی قرار داد اردو میں لکھی جاتی ہے اور بلدیہ عظمی کراچی کے مرکزی بلڈنگ میں جو تختیاں آویزاں ہیں وہ بھی اردو زبان میں ہیں، سندھ حکومت فراخدلی کیساتھ انجمن ترقی اردو کو گرانٹ دیتی ہے جس کا مقصد اردو کی ترویج اور ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہے، اردو زبان کی ترویج کیلئے سب کو مل کر کام کرناہوگا، انہوں نے کہا کہ مادری اور علاقائی زبانوں کی اپنی اپنی اہمیت ہے لیکن اردو لوگوں کو جوڑنے کی زبان ہے آپ ملک میں کسی بھی شہر میں چلے جائیں جو زبان آپ کے کام آئے گی وہ اردو ہے، آپ کو اس علاقے کی زبان نہ بھی آتی ہو لیکن اردو وہاں آپ کا ساتھ دے گی، انہو ں نے کہا کہ انجمن ترقی اردو جدید فنون کو استعمال کرتے ہوئے زبان کی ترویج پر کام کررہی ہے اور جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں، اردو قومی زبان ہے اور اس کی ترویج وفروغ کیلئے سندھ حکومت ہر طرح تعاون کریگی، سابق صدر جامعہ کراچی شعبہ اردو ڈاکٹر شاداب احسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم جہانگیر پارک کراچی میں ہر ماہ خطاب کرتے تھے، ہماری خواہش ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اس روایت کو زندہ کریں گے، میری ایڈمنسٹریٹر کراچی سے درخواست ہے کہ وہ مہینہ میں ایک بار شعراء ، ادیبوں، دانشوروں اور عمائدین کیساتھ مکالمہ رکھیں جس کا مقصد اردو زبان کا فروغ ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں