کراچی، فواد چودھری کے خواب میں ہمیشہ چھیچھڑے ہی رہتے ہیں دنیا جانتی ہے پی ٹی آئی کس کی بیساکھی کے سہارے کھڑی ہے،بیرسٹر مرتضی وہاب

اتوار 28 نومبر 2021 19:35

-کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری کے خواب میں ہمیشہ چھیچھڑے ہی رہتے ہیں دنیا جانتی ہے پی ٹی آئی کس کی بیساکھی کے سہارے کھڑی ہے ورنہ عوام کب کی اس نااہل حکومت کو فارغ کرچکی ہوتی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نااہل سرکار کی عوام میں کوئی جڑیں نہیں ہیں پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے جس کی مقبولیت کا اندازہ ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے لگایا جاسکتا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے ترجمان آخر کب تک اپنی نااہلی کا کیچڑ دوسروں پر ڈالتے رہیں گے پاکستان کے غیور عوام آپ کی مکاریوں کو جان چکے ہیں عوام یہ بھی جانتے ہیں اے ٹی ایم سرکار ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے آپکی حکومت نے ملک کے ہر شعبے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے پی ٹی آئی کے ترجمان تسلیم کرلیں آپ کے پیدا کردہ حالات کی وجہ سے آپ کا جانا ٹہر چکا ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آپ کی نااہلی سے ملکی عوام بدترین مہنگائی کا شکار ہیں کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے غریب دو وقت کی روٹی اور کئی خودکشیوں پر مجبور ہیں وہ دن دور نہیں جب نااہل حکومت کا تختہ گول ہوگا اور پیپلزپارٹی کے اقتدار میں آنے سے ملک میں حقیقی جمہوریت کا راج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر تنقید کرنے سے بہتر ہے اپنی کارکردگی کو بہتر کرتے لیکن آپ کے نااہل چیئرمین نے میں نہ مانوں کی رٹ لگا رکھی ہے عملی کام کے بجائے صرف دعوے اور جھوٹے وعدے کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جسکا سلسلہ بہت جلد ختم ہونے والا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں