مہنگائی کے خاتمے اور حقوق کیلئے عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کیلئے بند باندھنا ہونگے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا حکومت 3سال میں بہتر کارکردگی شو نہیں کراسکی وہ مکمل پانچ سال میں کیا کریگی،ثروت اعجاز قادری

منگل 30 نومبر 2021 00:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خاتمے اور حقوق کیلئے عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا ،مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کیلئے بند باندھنا ہونگے،آئی ایم ایف کے اشاروں پر منی بجٹ ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے ،مہنگائی اور غربت کے سبب خود کشیوں میں اضافہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ،حکومت غربت کو ختم کرنے کی بجائے غریب کو ختم کرو کی پالیسی پر گامزن ہے ،متواتر مہنگائی میں اضافہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیاں اور نااہلی ہے ،حکمران غریب کے بچوں کو نوکریا ں نہیں دے سکے نہ غریبوں کو گھر دینے کے وعدے پورے کئے، حکمران مہنگائی کے جن کو قابو میں نہیں کرسکے نہ ہی بیروزگاری کو روک سکے،حکومت غریب کو بنیادی حقوق مہیا نہیں کرسکے تو پھر حکومت کا کام کیا ہے،دعوئوں اور وعدوں سے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا جو حکومت 3سال میں بہتر کارکردگی شو نہیں کراسکی وہ مکمل پانچ سال میں کیا کریگی،آئی ایم ایف سے قرضے ملک کے عوام کو غلام بنانے کے سوا کچھ نہیں ہے،قرضے سود اور کرپشن کی نظر ہورہے ہیں اور اس کا بوجھ غریب پر ڈالا جارہا ہے،جہاں پیٹرول تین سو روپے ہے وہاں مزدور کی تنخواہ بھی دو لاکھ کے قریب ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے کراچی پہنچنے پر علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ غریب کو مہنگائی کرکرکے ذہنی طور پر مفلوج کردیا ہے ،ملک سے کرپشن ختم ہوئی اور نہ ہی کرپٹ قوتوں سے قومی دولت واپس لی گئی ،موجودہ حکومت میں آٹا ،چینی ،گھی کے بحران کے پیچھے بھی کرپشن کے ہاتھ ملوث ہیں ،انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر کسی طور بھی خاموش نہیں رہینگے ،مہنگائی وبے روزگاری نے ملک کی ترقی کا پہیہ روک دیا ہے حکمرانوں کو قرضوں کی بجائے معاشی استحکام کیلئے نئی راہیں تلاش کرنا ہونگی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں