ڈنمارک میں مقیم معروف ماہر اقبالیات غلام صابر انتقال کرگئے

کچھ عرصہ قبل ان کی خدمات کے پیش ان کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیاتھا مرحوم نے اقبال اکیڈمی اسکینڈے نیویا کی بنیاد رکھی ،ان کا گھر مرکز اقبال بن چکا تھا

جمعرات 2 دسمبر 2021 20:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) ڈنمارک میں عرصہ دراز سے مقیم ممتا زعلمی ،ادبی اور مفکر شخصیت غلام صابر انتقال کرگئے ہیں ۔مرحوم یورپ میں ماہر اقبالیات سمجھے جاتے تھے ۔کچھ عرصہ قبل ان کی خدمات کے پیش ان کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔آپ نے فکر اقبال کو یورپ میں متعارف کروانے کے لیے اقبال اکیڈمی اسکینڈے نیویا کی بنیاد رکھی ۔

وہ اقبال کے پیغام کو دنیا میں پہنچانے کے لیے فلسفہ اقبال پر مسلسل کام کرتے رہے اور آپ نے سات کتابیں تحریر کیں ۔مرحوم کی کتاب اقبال اور ڈینش فلاسفر ہنس سارن کریکگارڈ کا تقابلی تجزیہ بہت مشہور ہوئی ۔اس کتاب کے دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمے بھی شائع ہوئے ۔اس کے علاوہ اقبال اور فزکس ،موت کے بعد زندگی (انگریزی) میں شائع ہوئیں ۔

(جاری ہے)

دنیا میں اقبالیات کے شوقین آپ کے پاس دور دور سے آتے اور آپ کا گھر یورپ میں عملی طور پر مرکز اقبال بن چکا تھا ۔

مرحوم نے اقبالیات کے حوالے سے ایک کتب خانہ قائم کیا ہوا تھا ۔ان کی لکھی ہوئی کتب یورپ کی بہت سی لائبریریز میں دستیاب ہیں ۔مرحوم کے پسماندگان میں تین بیٹے طارق صابر ،خالد صابر اور عاصم صابر شامل ہیں ۔اس کے علاوہ چار بیٹیاں ناہید ،انجم ،سیما اور روبینہ شامل ہیں ۔ان کے دامادوں میں کامل محمد (ڈنمارک) اور عابد علی عابد شامل ہیں ۔عابد علی عابد تنظیم برائے عالمی امن کے عالمی صدر بھی ہیں جبکہ ان کی بیٹی ڈنمارک میں مشہور سیاسی رہنما صباح عابد ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں