کراچی پریس کلب کے متاثرہ صحافیوں کو ہاکس بے بلاک 68 میں ری الاٹمنٹ کا فیصلہ

جمعہ 3 دسمبر 2021 22:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی پریس کلب کے اراکین کو دیئے گئے پلاٹوں میں سے 211 پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں دشواریوں کے سبب ان پلاٹوں کی اسکیم 42 کے بلاک 68 میں ری الاٹمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے جمعہ کو وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی اور ان کی جانب سے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات میں پریس کلب کے وفد نے ہاکس ہاو سنگ اسکیم میں 211 ممبران پریس کلب کو ری الاٹمنٹ کے لئے لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس بلانے پر شکریہ ادا کیا اور وزیر بلدیات سے ایل ڈی اے کی سمری کے مطابق متاثرین کو بلاک 68 میں ری سیٹل کرنے کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے دوران ملاقات سیکریٹری بلدیات نجم شاہ سے رابطہ کیا اور ہاکس بے میں متنازعہ پلاٹس کے مسئلے پر بات کی۔

متعلقہ حکام سے بات چیت کے بعد وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی پریس کلب کے 211 ممبران کو ہاکس بے اسکیم 42 بلاک 68 ہی میں ری الاٹمنٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ملاقات میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پریس کلب کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پلاٹس کی قرعہ اندازی بھی اسی ماہ کر دی جائے گی۔ کراچی پریس کلب کے اراکین کو حکومت سندھ کی جانب سے بذریعہ قرعہ اندازی دیئے گئے پلاٹس میں سے ہاکس بے بلاک 2 کے 211 پلاٹس کی الاٹمنٹ میں کچھ دشواریوں کا سامنا تھااور کراچی پریس کلب کی منتخب کابینہ کے اراکین خصوصا صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد رضوان بھٹی اس مسئلے کے حل کے لئے سندھ حکومت سے مستقل رابطے میں بھی تھے۔

رواں ماہ ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی میں رہ الاٹمنٹ کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے اور جمعہ کو سید ناصر حسین شاہ نے ہاکس بے اسکیم 42 بلاک 68 میں ری الاٹمنٹ کا فیصلہ کر کے اس درینہ مسئلے کو مکمل طور پر حل کر دیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات نے کہا کہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کی روشنی میں صحافیوں کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی قیادت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی صحافیوں کا یہ مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری نے اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ ، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ اور ڈی جی ایل ڈی اے اسحاق کھوڑو کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں