کراچی،گلبرگ کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون دم توڑ گئی ،اہلخانہ کا احتجاج

ہفتہ 4 دسمبر 2021 00:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) گلبرگ کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون دم توڑ گئی ، واقعے کے بعد اہل خانہ نے شور شرابہ کیا اور پولیس طلب کرلی ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موقع پر پہنچ کر ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کو بات چیت سے منتشر کردیا تاہم اہل خانہ پوسٹ مارٹم کرائے گے تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی سہ پہر گلبرگ بلاک 13 میں ڈی آئی جی آفس کے قریب قائم نجی اسپتال میں نارتھ ناظم آباد کی رہائشی 40سالہ زینب دم توڑ گئی ، ورثاء نے بتایا کہ زینب دو بچوں کی ماں تھی، چند روز سے وہ انچولی میں اپنی والدہ کے پاس رہائش پذیر تھی ، جمعرات اور جمعہ کی شب انھیں مذکورہ اسپتال لے جایا گیا جہاں انھیں ڈینگی تشخیص ہوا ، رات بھر علاج جاری رہا ، مختلف انجکشن اور دوائیں دی جاتی رہیں ، اس دوران زینب کی ناک سے بھی خون بہنا شروع ہوگیا ، جمعہ کی صبح انھیں ڈاکٹر کی ہدایت پر نرس نے ایک اور انجکشن لگایا جس کے فوری بعد وہ تڑپ تڑپ کر اہل خانہ کی آنکھوں کے سامنے دم توڑ گئیں ، ورثا نے مزید بتایا کہ فوری طور پر عملے نے ان کا ای سی جی کیا تو اس کا کوئی رزلٹ نہیں آیا ، ان کی دل کی دھڑکن اس وقت تک بند ہوچکی تھی ، ورثا نے مزید بتایا کہ فوری طور پر پولیس کو طلب کرلیا ، ورثا نے الزام عائد کیا کہ زینب مذکورہ اسپتال کے ڈاکٹروں کی غفلت سے دم توڑ گئی ، اس سلسلے میں ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہنگامہ آرائی سے روک لیا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ورثا سے مشاورت جاری ہے ، اگر وہ مرحومہ کا پوسٹ مارٹم کرانا چاہیں تو پولیس اس سلسلے میں ان کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ، پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں قانونی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں