جماعت اسلامی کے تحت سندھ حکومت کے بلدیاتی قانون کیخلاف،بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بحالی اور کراچی کے عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے لیے آج ’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘ ہوگا

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2021ء) جماعت اسلامی کے تحت سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خلاف،بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بحالی اور کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے لیے اتوار12دسمبر کو مزار قائد تا کے ایم سی ہیڈ آفس تک ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے ’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘ کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ذمہ داران کا ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں ’’کراچی بچاؤمارچ‘‘ کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور تمام اضلاع کو ہدایات دیں گئیں کہ مارچ کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم شروع کردی جائے۔ علماء کرام،اساتذہ وکلاء،تاجروں،مزدوروں،مؤثر طبقات،سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد سے زیادہ سے زیادہ رابطے کیے جائیں اور ان کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جائے۔

(جاری ہے)

اضلاع کو مزید ہدایت دی گئی کہ مارچ میں اہل کراچی کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات و تیاریاں کی جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ 12دسمبر کا ’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘موجودہ حالات میں بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کراچی کے گھمبیر اور دیرینہ مسائل کا حل بااختیار شہری حکومت کے قیام اور یونین کونسلوں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات سے ہی وابستہ ہے۔

کراچی کے مسائل اب اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ انہیں فوری طور پر حل کرنے اور اہل کراچی کو ان کاجائز اور قانونی حق دینے کی اشد ضرورت ہے۔کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی اور اہل کراچی کی حق تلفی کرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیئے،شہر کی تعمیر و ترقی میں جہاں وفاقی وصوبائی حکومتوں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہیں اس عمل میں بااختیار بلدیاتی اداروں کا بھی بڑا عمل دخل ہے،شہری حکومت کے نظام کوختم کرنے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اختیارات مسلسل سلب کیے جارہے ہیں اور موجودہ بلدیاتی ترمیمی بل میں تو رہے سہے اختیارات بھی سندھ حکومت نے ختم کردیے ہیں۔

پیپلزپارٹی کی حکومت ٹال مٹول کرنے اور مختلف تاخیری حربوں سے بلدیاتی انتخابات کو مسلسل زیر التوا رکھنا چاہتی تھی اب عدالت کے حکم پر بلدیاتی انتخابات کروانے پر آمادہ ہوئی ہے تو ایسے کالے قانون بنارہی ہے کہ بلدیاتی ادارے اور ان کے نمائندے بالکل ہی بے اختیار اور بے اثر ہوجائیں اور سندھ حکومت کراچی کے وسائل اور اختیارات کو اپنے قبضے میں رکھے۔جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر سندھ حکومت کی ان کوششوں کو ہرگزکامیاب نہیں ہونے دے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں