کچی آبادیوں کی بہتری سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،سید ناصر حسین شاہ

منگل 7 دسمبر 2021 19:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) کچی آبادیوں کو بہتر کرنا حکومت کا فرض ہے اور کچی آبادیوں کی بہتری سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ ورکشاپ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ کا اہتمام کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے ورلڈ بنک کی معاونت سے کیا تھا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ خان اور کراچی واٹر سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کے لئے بھی کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے جو این جی اوز ،حکومت کی مدد کررہی ہیں اس پر ان کے شکر گذار ہیں۔انہوں نے ماہرین کو دعوت دی کہ وہ دنیا کے دیگر شہروں کے ماڈل کے مطابق کراچی کی کچی آبادیوں کو بہتر بنانے اور زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لئے تجاویز پیش کریں۔ تاکہ کچی آبادیوں میں کھیل کے میدان،اسکول, کالج، پارک، اور دیگر سہولیات مہیا کی جاسکیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں