ایم کیو ایم کے وفد کا پاکستان عوامی تحریک کراچی کے سیکرٹریٹ کا دورہ

پیپلز پارٹی کی حکومت نے لوکل باڈیز ایکٹ کے ذریعے شہری سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے ،قیصر اقبال قادری/کنور نوید جمیل

منگل 7 دسمبر 2021 23:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پاکستان عوامی تحریک کراچی کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت ڈپٹی کنوینر اور پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل نے کی۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر قیصر اقبال قادری، جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود، نائب صدر ثاقب نوشاہی، کوآرڈینیٹر سندھ سید ظفر اقبال، آرگنائزر کراچی الیاس مغل، کوآرڈینیشن سیکرٹری نوید عالم، راؤ محمد طیب، اسماعیل عارفی، بشیر خان مروت اور شہزاد میرٹھی موجود تھے۔

ایم کیو ایم کی قیادت نے پاکستان عوامی تحریک کو 11دسمبر کو ہونے والی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر اقبال قادری اور کنور نوید جمیل نے کہا سندھ اسمبلی سے منظور شدہ لوکل باڈیز ایکٹ 2021ئ جمہوریت اور آئین کی روح کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی حکومت نے لوکل باڈیز ایکٹ کے ذریعے شہری سندھ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا ایک طرف صوبائی حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے تحت وفاق سے اختیارات حاصل کیے مگر دوسری جانب اسی ترمیم کے آرٹیکل 140A کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوکل گورنمنٹ بالخصوص شہری حکومت کو بے اختیار کرکے جمہوریت کے بجائے آمریت کا بیج بویا ہے۔ انہوں نے کہا جب تک بلدیاتی اداروں کے پاس اختیارات نہیں ہوں گے تب تک اقتدار نچلی سطح پر عوام کو فائدہ نہیں دے سکتا۔ پاکستان عوامی تحریک نے ایم کیو ایم کی اے پی سی میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک نے ہمیشہ اختیارات کو نچلی سطح تک تقسیم کرنے کے لئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ اختیارات اورعوام کی فلاح وبہبودکے لئے ہونے والی کسی بھی جدوجہد کی پاکستان عوامی تحریک بھرپور حمایت کرے گی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں