پاکستان نیوی وار کالج میں چوتھی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا آغاز

جمعرات 9 دسمبر 2021 00:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) پاکستان نیوی وارکالج لاہور میں پاک بحریہ کی جانب سے چوتھی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ (MARSEW-4) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس قومی ورکشاپ کاموضوع ’بلیو اکانومی پاکستان کا مستقبل‘ ہے۔میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرنا، بلیو اکانومی اور میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے آگہی پھیلانا، پاکستان کے بحری وسائل کو بروئے کار لانا ہے۔

ورکشاپ میں اراکین اِسمبلی، پالیسی سازوں، بیوروکریٹس،ماہرین تعلیم، کاروباری اور میڈیا برادری سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین شریک ہیں۔ یہ ورکشاپ ملک میں میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے واحد مربوط پالیسی اپنانے کے لیے متنوع خیالات کو جمع کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے، سب سے پہلے آن کیمپس سرگرمیاں ہیں جس میں ممتاز مقررین، اسکالرز اور ماہرین تعلیم بحر ہند کے خطے میں سیکیورٹی حالات، پاکستان کے بحری شعبے میں چیلنجز اور مواقع، بلیو اکانومی کی استعداد اور سی پیک منصوبے میں گوادر پورٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔

دوسرے مرحلے میں ساحلی اور کریکس علاقوں، کراچی اور نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں قائم پاک بحریہ کی تنصیبات کے دورے شامل ہوں گے۔ورکشاپ کے افتتاحی سیشن کے دوران، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج، ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان نے تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ورکشاپ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی جس میں پالیسی سازی کے تناظر میں پاکستان کی میری ٹائم استعداد سے واقفیت بھی شامل تھی۔میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2017 سے پاکستان نیوی وار کالج میں ہر سال منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ ورکشاپ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی کی ترقی میں مربوط نقطہ نظر کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں