کراچی میں اس وقت پینے کے پانی کی شدید قلت ہے، حنید لاکھانی

منگل 18 جنوری 2022 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) سماجی رہنما و ماہر تعلیم حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ کراچی میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے شہری مہنگے داموں پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر پانی گھروں کے نلکوں میں نہیں آتا تو ٹینکروں کو کہاں سے مل جاتا ہے شہر قائد میں پانی کی قلت کی بنیادی وجہ واٹر بورڈ کی غفلت اور غیرمنصفانہ تقسیم ہے ٹینکر مافیا کے سرپرست اپنے منافع کے لیئے گھروں میں سپلائی ہونے والے پانی کو ہائیڈرنٹ مافیا کو دے دیتے ہیں اور غریب آبادیوں کو پانی کی سپلائی معطل کروادیتے ہیں مجبورا غریب لوگ مہنگے داموں ٹینکر خرید کر پانی استعمال کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ کراچی کو تھر بنانے کی سازش کی جارہی ہے سرجانی،لیاری، نیوکراچی،اورنگی ٹائون، جہانگیر روڈ، شیری جناح کالونی ، ملیر ، گلشن حدید سمیت مختلف علاقوں میں لوگ پینے کے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں ، کراچی کو پانی کی سپلائی کا منصوبہ کے فور کئی سالوں سے التوا کا شکار ہے شہر میں پانی کی شدید قلت کے باوجود پانی کی سپلائی کے لیئے کوئی جامع منصوبہ بندی نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں پانی کی قلت کے خاتمے کے لیئے ہنگامی بنیادوں پر پانی سپلائی کے منصوبوں کو مکمل کرے، کراچی میں پانی کی قلت ایک بڑی وجہ پانی کی چوری بھی ہے واٹر بورڈ کے ملازمین شہر کو سپلائی ہونے والا پانی صنعتی علاقوں میں غیرقانونی پائپ لائنز کے ذریعے چوری کر فیکٹریوں کو سپلائی کر دیتے ہیں جس سے شہر کو یومیہ کئی ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے روزانہ جو پانی کراچی کو سپلائی کیا جاتا ہے وہ ویسے ہی شہر کی ضرورت کوپورا کرنے کے لیئے بہت کم ہے اس پر پانی کی چوری مزید مشکلات کا باعث بنتی ہے، بدقسمتی تو یہ ہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیئے کوئی جامع نظام بن نہیں سکا کئی سالوں پرانی لائنز کے ذریعے کام چلایا جارہا ہے جو واٹر بورڈ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، پرانی او ر بوسیدہ پانی کی لائنز کی وجہ سے پانی ضائع ہوجاتا ہے اور اگر لائن کہیں سے پھٹ جائے تو کئی مہینوں تک اس کو ٹھیک نہیں کیا جا تا جس سے ہزاروں ملین گیلن پانی ضائع ہوجاتا ہے جب تک پانی کی ترسیل کے لیئے مکمل اور مضبوط نظام نہیںبنا یا جائے گا تب کراچی میں پانی کی کمی کو پورا کرنا ناممکن ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں