ایف بی آر کے خلاف فرنیچر کے تاجرسڑکوں پر آگئے

منگل 18 جنوری 2022 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2022ء) ایف بی آر کے خلاف فرنیچر کے تاجرسڑکوں پر آگئے ، دکانوں کو سیل کرنے پر محمدی مارکیٹ منظور کالونی کے دکاندار وں کا مارکیٹ بند کرکے ایکسپریس وے پر دھرنا و احتجاج ، جی ایس ٹی نہیں دے سکتے ہیںفکس ٹیکس لگایا جائے ، ایف بی آرنے کاروبار تباہ کرکے رکھ دیا ،چوھری ذیشان گجر اور دیگر رہنمائوں کا ردعمل۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے گزشتہ روز محمدی فرنیچر مارکیٹ منظور کالونی کی 2دکانوں کو سیل کرنے کے خلاف فرنیچر کے تاجروں نے پوری مارکیٹ بند کرکے ایکسپریس وے پر احتجاجی دھرنا دے دیا ۔اس موقع پر ہزروں کی تعداد میں دکاندار اور مزدور سڑک پر آگئے اور ایف بی آر کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محمدی فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر چوھری ذیشان گجر،حسن اسکوائر فرنیچر مارکیٹ کے مرزا صادق بیگ، نرسری فرنیچر مارکیٹ کے صدر جاوید الٰہی، ڈی ایچ اے فرنیچر مارکیٹ کے صدر خرم شیخ نے قیادت کی جب کہ اس موقع پر محمدی فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک محمد اکرم، وائس چیئرمین رانا اشرف،جنرل سیکرٹری ملک راشد،جوائنٹ سیکرٹری محمد علی، انفارمیشن سیکرٹری حامد بھٹی اور دیگر تاجر موجود تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے محمدی فرنیچر مارکیٹ کے صدر چودھری ذیشان گجر نے کہا کہ چھوٹا تاجر کسی صورت میں ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کرسکتا ہے کیونکہ چھوٹے دکاندروں کی اکثریت پڑھی لکھی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے دکانوں کو سیل کرنے کا ایکشن غیر قانونی ہے، ہمارے اوپر صرف رقبے کو بنیاد بنا کر سیلز ٹیکس لاگو کردیا ہے ،بڑی دکانیں ہمارے کاروبار کی مجبوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہم پر فکس ٹیکس نافذ کرے اور دکانوں کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری جن دو دکاندار کو سیل کردیا ہے ان میں ایک دکان دو ہزار اسکوائر کم ہے اسے زبردستی شامل کرکے سیل کیا گیا ہے۔ ذیشان گجر نے کہا کہ فرنیچر کے تاجر ٹیکس دینے کے تیار ہیں لیکن ہمارے لیے ٹیکس کا نظام آسان کیا جائے اور فکس ٹیکس لگایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں