شہید ذوالفقار علی بھٹو کا بنایا ہوا پیپلز لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1972 نافذ کیا جائے،سجن یونین

بلدیہ عظمیٰ کراچی کو میٹروپولیٹن کے اختیارات دیتے ہوئے تمام شہری اداری اس کی ماتحتی میں دیئے جائیں، سید ذوالفقارشاہ

اتوار 23 جنوری 2022 00:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو میٹروپولیٹن کے اختیارات دیتے ہوئے تمام شہری ادارے اس کی ماتحتی میں دے کر سربراہ میئر کراچی کو بنایا جائے۔ جنرل پرویز مشرف یا جنرل ضیاء الحق کے دور کے قوانین کو سیاہ قوانین قرار دینے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا بنایا ہوا پیپلز لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1972 کو نافذ کیا جائے تاکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو مکمل شہری اداروں کا کنٹرول مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی ترمیمی قانون میں تعلیمی ادارے، میڈیکل ادارے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور کئی دوسرے اختیارات جو کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں حاصل تھے وہ واپس لے لیے گئے ہیں جس پر اختیارات کی مزید کمی کے بعد اپوزیشن کی تمام جماعتیں سراپا احتجاج بنی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے اسے عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالنا چاہئے جو کہ تمام جماعتوں خصوصاً کراچی کی عوام کیلئے قابل قبول ہو ورنہ کراچی کی عوام میں احساس محرومی بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ملازمین کو موجودہ بلدیاتی ترامیم پر تحفظات ہونے کے باوجود تاحال وہ احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں ہیں۔ اس ترمیم کے نافذ ہونے کے بعد بلدیاتی محنت کش اپنا موقف دیں گے اور ان کے تحفظات دور نہ ہونے پر احتجاج کیا جائے گا۔ فی الحال ہم دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو میٹروپولیٹن کے اختیارات دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں