کے ایم سی انتظامیہ کو پنشنرز کے معاملے میں کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد شروع کیا جائے، سجن یونین

اتوار 23 جنوری 2022 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی انتظامیہ میٹروپولیٹن کمشنر اور فنانشل ایڈوائزر پنشنرز سے کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر پنشنرز شدید احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے کیونکہ حکومت سندھ نومبر 2020 سے عدالت عالیہ سندھ میں بار بار تاریخ پر تاریخ لے کر ایک جانب تو ملازمین میں بے چینی میں اضافہ کررہی ہے تو دوسری جانب عدالت کو گمراہ کرکے توہین عدالت کررہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ابھی تک نومبر 2020 سے وزیراعلیٰ ہائوس میں زیر التواء واجبات کی ادائیگی کیلئے 4 ارب 20 کروڑ کی اسپیشل گرانٹ بیل آئوٹ پیکیج کی سمری پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا جس پر تین روز قبل عدالت عالیہ سندھ نے پنشن واجبات کیس میں دو ہفتوں کی آخری مہلت دیتے ہوئے تمام اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اسپیشل گرانٹ کی منظوری میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے ڈیڑھ ارب کی خصوصی گرانٹ ترقیاتی کاموں کیلئے بطور قرض لی ہے جس کا خمیازہ ہر ماہ 5 سے 8 کروڑ کی کٹوتی کی شکل میں کے ایم سی کو برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے پنشنرز سے کیے گئے معاہدے پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں