جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ،54 ارب روپے سے زائد ڈیفالٹ، فراڈ اور منی لانڈرنگ کرنے کا مقدمہ میں گرفتار ملزم ممتاز حسن جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

منگل 25 جنوری 2022 13:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2022ء) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے 54 ارب روپے سے زائد ڈیفالٹ، فراڈ اور منی لانڈرنگ کرنے کا مقدمہ میں گرفتار ملزم ممتاز حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں 54 ارب روپے سے زائد ڈیفالٹ، فراڈ اور منی لانڈرنگ کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ایف آئی اے نے گرفتار ملزم ممتاز حسن کو عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت تفتیشی افسر سے کیس کا چالان طلب کرلیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 فروری تک ملتوی کردی۔ تفتیشی افسر کے مطابق کیس میں نامزد دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرنا ہے۔ حیسکول پٹرولیم کمپنی کی جانب سے 54 ارب روپے سے زائد بینک ڈیفالٹ، مالیاتی فراڈ اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ نیشنل بینک اور حیسکول کے سابق اور موجودہ افسران سمیت 30 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمان نے ملی بھگت کے ذریعے قومی مالیاتی ادارے سے اربوں روپے کا قرضہ حاصل کیا۔ اس رقم کو مالیاتی فراڈ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں