-پی ایس پی سندھ میں لسانی بنیادوں پر فسادات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،مصطفی کمال

/ 30 جنوری کا سورج ثابت کردے گا کہ پی ایس پی سندھ کے حکمرانوں کے ظلم کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے،چیئرمین پی ایس پی

منگل 25 جنوری 2022 19:40

ٹ*کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2022ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے 30 جنوری کا سورج ثابت کردے گا کہ پی ایس پی سندھ کے ظالم اور متعصب حکمرانوں کے ظلم کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ صوبہ سندھ میں لسانی بنیادوں پر فسادات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ورنہ جس طرح بھولو خانزادہ کے قتل پر سیاست کی گئی، اس سے صاف ظاہر ہے کہ موت کے سوداگروں کو اپنی ناکام سیاست چمکانے کے لیے لاشوں کا انتظار ہے۔

ایک جانب نام نہاد مہاجر لیڈران مہاجروں کو ایک بار پھر بند گلی کی جانب دھکیل رہے ہیں تو دوسری جانب نام نہاد سندھی قوم پرست لیڈران سندھیوں کی موت کے زمہ دار ہیں۔ ملک میں خصوصاً سندھ میں احساس محرومی بہت زیادہ ہے، دشمن ہمارے مسلک، زبان اور سیاسی وابستگی کی فالٹ لائنز کے زریعے ملک کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکمران اپنے متعصبانہ فیصلوں سے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کر رہے ہیں، جو نوجوان آج خودکشی پر مجبور ہیں اگر انہوں نے ہتھیار اٹھا لیئے اور مرنے سے پہلے ظالموں کو مارنے کا فیصلہ کر لیا تو حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔

اس لیے عوام کو حق حکمرانی دینے کی ضرورت ہے، تعصب سے نکلنا ہوگا۔ اپنی نسلوں کے لیے ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کی ضرورت ہے جس کی جدوجہد پاک سرزمین پارٹی کر رہی ہے۔ اپنا نقصان کر کے قوم کے فائدے کے لیے پارٹی بنائی کیونکہ جہاں پہلے تھے وہاں مراعات اور عہدے مل جاتے لیکن قوم کی بھلائی نہ ہوتی۔ ظالموں کے خلاف مسلک، زبان یا سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر قانونی کاروائی کرنی ہوگی اور مظلوم کی بھی زبان، فرقہ اور سیاسی وابستگی دیکھے بغیر انصاف فراہم کرنا ہوگا۔

تب ہی پاکستان آگے چل سکتا ہے، ورنہ معاشی و معاشرتی لحاظ سے تنزلی کا شکار ہو گا۔ تاجر برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اربوں کا ٹیکس دے کر بھی سہولیات موجود نہیں، صحیح لوگوں کو اقتدار میں لانے کیلئے عملی کوشش کریں۔ این جی او بنا کر ایک یا دو اسکولز یا اسپتال چلانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کراچی کی تاجر برادری کے نمائندوں کے اعزاز میں پاک سرزمین بزنس فورم کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل جبکہ تاجر برادری کی جانب سے چیئرمین تاجر اتحاد کراچی عتیق میر، چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل احمد پراچہ، چیئرمین کراچی سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب، محمد عبداللہ بترا صدر اورنگی ٹریڈرز ایسوسی ایشن، آصف گلفام، حکیم شاہ، محمد اسلم بھٹی سمیت دیگر عمائدین شہر موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بزنس فورم کے صدر قمر اختر نقوی نے کہا کہ پی ایس پی پاکستان کی معاشی شہ رگ کے تاجروں کی آواز ہے، تاجروں کے مسائل کا حل پی ایس پی کے علاؤہ کسی سیاسی جماعت کے پاس نہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں