انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ پر کام شروع کر دیا ،مرتضی وہاب

شہر کے منفی امیج کو ختم کرنا ہے،ماضی میں پارکس اور دیگر تفریحی مقامات کو نظرانداز کر دیا گیا،ترجمان سندھ حکومت

جمعرات 27 جنوری 2022 22:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ امن و امان کے مسئلے کو حل کرنے کے بعد انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ پر کام شروع کر دیا ہے،شہر کے منفی امیج کو ختم کرنا ہے،ماضی میں پارکس اور دیگر تفریحی مقامات کو نظرانداز کر دیا گیا،بدقسمتی سے ان گنت پارکس لوگوں کو دستیاب نہیں، شہریوں کو بتا رہے ہیں کہ یہ آپ کی اپنی جگہیں ہیں، یہاں آئیں،انہیں استعمال کریں اور ان کی حفاظت کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی صبح سفاری پارک میں کلِک کے تحت پبلک اسپیس کے بہتر استعمال کے موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی، سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ساجدہ قاضی، ڈائریکٹر امکان ویلفیئر طاہرہ حسن، ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ عافیہ سلام،ڈائریکٹر جنرل پارکس جنیداللہ خان، سینئر ڈائریکٹر ریکریشن منصور قاضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ جامعہ کراچی، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور دیگر جامعات اور کالجز کے طلبا و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سفاری پارک اور چڑیا گھر شہر کا اثاثہ ہیں لوگوں کو انہیں استعمال کرنا چاہئے، کراچی میں متعدد پبلک مقامات شہریوں کے لئے بنائے گئے مگر معاشرے میں بگاڑ آنے کی وجہ سے یہ کھلی اور پرفضاجگہیں عوام کی نظروں سے اوجھل ہوگئیں،آج بھی یہ تمام سہولیات دستیاب ہیں فقط احساس ملکیت کی کمی ہے،ہمیں بطور سوسائٹی ان عوامی مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کرنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں مزید کھلی جگہیں شہریوں کو فراہم کر رہے ہیں تاکہ لوگ یہاں اپنی فیملی کے ساتھ آئیں اور خوشگوار لمحات گزار سکیں، انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی میں 100پارکوں کی تزئین و آرائش کررہے ہیں جن میں سے 14پارکس تیار کر کے مقامی لوگوں کو اٴْن کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی ہے،ساحل سمندر پر منوڑہ بیچ جیسی جگہیں غریب او رمتوسط طبقے کے لوگوں کے لئے بنائی ہیں کڈنی ہل پارک بہترین پرفضا مقام ہے جسے ترقی دینے پر بلدیہ کراچی کی پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے، شہری ان جگہوں پر ضرور جائیں، کلفٹن کے ساحل پر اربن فاریسٹ کا منصوبہ شروع کیا اور وہاں ایسا قدرتی ماحول تیار کیا گیا ہے جہاں دوسرے مقامات سے پرندے آنے لگے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں لگائے جانے والے درختوں کی بھی اسی طرح حفاظت اور دیکھ بھال کرنی چاہئے جس طرح ہم اپنی فیملی کا خیال رکھتے ہیں تاکہ ماحولیاتی مسائل سے نبردآزما ہوسکیں، گھر کے اطراف میں پارک ہوتو خواتین اپنے بچوں کو بے فکر وہاں کھیلنے کے لئے بھیج دیتی ہیں، ہماری یہ بدقسمتی ہے کہ جن علاقوں میں یہ پارکس بنائے گئے وہ تباہ حال ہیں اور سیکورٹی کے مسائل کی وجہ سے اجڑے ہوئے نظر آتے ہیں وقت آگیا ہے کہ اب ہم اپنے شہر کے اس قیمتی ورثے کو مکمل تباہی سے بچائیں اور ایسی مزید جگہیں تلاش کریں، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہر کو کچرے اور گندگی سے صاف رکھنا ہے، اپنے گھروں کی طرح محلے، سڑکوں اور پارکس کا بھی خیال رکھیں، شرکائ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا مطلب مل کر کام کرنا ہے، سب مل کر کام کریں گے تو ہر شعبے میں بہتری آتی جائے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی والے خود یہ فیصلہ کریں کہ انہیں عوامی تفریحی مقامات پر کس قسم کی سہولیات درکار ہیں اور حکام بالا کو اس سے آگاہ کریں، فی الحال عدالتوں کی طرف سے پبلک مقامات بشمول پارکس میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے تاہم ہماری خواہش ہے کہ پارکس اور تفریحی مقامات کو لوگوں کے لئے پرکشش اور با سہولت بنایا جائے، ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بلدیاتی امور بلدیاتی ادارے چلائیں اور صحت و تعلیم حکومت کے پاس رہے، عباسی شہید اسپتال اور کے ایم ڈی سی بہتر حالت میں نہیں تھے اسی لئے سندھ حکومت نے ان کا انتظام سنبھالنے کا فیصلہ کیا، ہم چاہتے ہیں کہ یہ طبی ادارے بھی این آئی سی وی ڈی اور جناح اسپتال کی طرح اعلیٰ معیار حاصل کریں، انہو ں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنانے کا عمل جاری ہے اور یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد اس ادارے کی گرانٹ اور فنڈز کی دستیابی کے مسائل بھی ازخود حل ہوجائیں گے، انہوں نے شہریوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پارکس خراب حالت میں ہیں یا کوئی مسائل ہیں اس سے مطلع کریں تاکہ فوری اقدامات کرکے انہیں بہتر بنایا جاسکے، میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی نے کہا کہ ماضی میں سیکورٹی مسائل کی وجہ سے پارکس اورتفریحی مقامات پر توجہ دینا مشکل تھا لیکن اب صورتحال بہتر ہے اور اب پبلک مقامات کو ترقی دینے اور انہیں بحال کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ کراچی کے شہری ان پبلک مقامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے اور ہم سب مل کر اپنے شہر کو خوب سے خوب تر بنانے میں کامیاب ہوں گی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں