عمران خان تمام اداروں کو پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بنانا چاہ رہاتھا، ، عمران خان نے ملک میں اتنے بحران پیدا کردیے کہ ہم اس کا نام بحران خان رکھنا چاہتے ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب

اتوار 15 مئی 2022 23:00

عمران خان تمام اداروں کو پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بنانا چاہ رہاتھا،  ، عمران خان نے ملک میں اتنے بحران پیدا کردیے کہ ہم اس کا نام بحران خان رکھنا چاہتے ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2022ء) وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تمام اداروں کو پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بنانا چا ہ رہا تھا،عمران خان نے ملک میں اتنے بحران پیدا کردیے کہ ہم اس کا نام بحران خان رکھنا چاہتے ہیں، اس نے جس چیز میں ہاتھ ڈالا اس کو تباہ کردیا، عمران خان نے تبدیلی کے نام پر تباہی کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی آمد کے موقع پر استقبال کے لیے ایئرپورٹ اولڈ ٹرمینل پر آنے والے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو عوام کی خواہش پر اور جمہوری طریقے سے گھر بھیجا گیا ہے ، پارٹی کارکنوں کو مبارک ہو کہ ہماری جیت ہوچکی ہے، جمہوریت کی جیت ہوچکی ہے، چاروں صوبوں کی جیت ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نالائق، نا اہل ترین وزیر اعظم کو گھر بھیجنے میں کامیاب ہوچکے ہیں ، ہم پہلے دن سے اس غیر جمہوری شخص کے خلاف کھڑے ہوئے تھے،آج سلیکٹڈ کہتا ہے کہ یہ بیرونی سازش تھی، ہم کہتے ہیں کہ یہ بیرونی سازش نہیں، عوام کی جدو جہد تھی جس کے نتیجے میں ان کو آئینی اور جمہوری طریقے سے گھر بھیجاگیا ہے، یہ آئین پاکستان، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی کامیابی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ جب پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ شروع کیا تو ہم نے آپ سے کہا کہ خود اسمبلی ختم کردو مگر ایسا نہ ہوا اور پھر جب لانگ مارچ اسلام آباد پہنچا تو اپوزیشن نے عدم اعتماد کا اعلان کیا، ہم نے جمہوری ہتھیار استعمال کر کے غیر جمہوری شخص کو گھر بھیج دیا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے گھر اور روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا مگر حکومت میں آنے کے بعد عمران خان نے لوگوں سے روزگار چھینا، کرپشن کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کے دور میں ملک میں کرپشن میں مزید اضافہ ہوا ،آزادی اظہار رائے پر پابندی لگائی گئی ، عمران خان اب "مجھے کیوں نہیں بچایا" تحریک چلارہا ہے۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا وزیراعظم تھا جس نے اپنے دور حکومت میں ملکی معشیت کو نقصان پہنچایا تاکہ عوام کو تکلیف ہو، عمران خان نےاپنی انا کی خاطر ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا اور خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں