جے یوآئی سندھ کی جانب سے بلدیاتی انتخاب ملتوی کرنے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر

جب تک لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 74 اور 75 ون میں ترامیم کرکے ان پر عمل درآمد نہیں ہوجاتا عدالت الیکشن ملتوی کرنے کے احکامات دے ۔ درخواست میں جے یوآئی کا موقف

پیر 16 مئی 2022 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد اسلم غوری کی قیادت میں جے یوآئی لائرز فورم سندھ کے صدر سرور بلیدی ایڈوکیٹ ، صوبائی ناظم مالیات مولانا محمد غیاث ، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات سندھ مولانا سمیع الحق سواتی ، ضلع ملیر کے امیر مولانا احسان اللہ ٹکروی ، ضلع غربی کے امیر مفتی محمد خالد ، ضلع جنوبی کے ناظم مولانا سلطان محمود پر مشتمل وفد نے سندھ ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے فوری التوا کیلئے پٹیشن دائر کردی ، درخواست میں جے یوآئی کا موقف ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 74 اور 75 ون میں جلد از جلدترامیم کی جائیں جب تک یہ ترامیم نہیں ہوجاتیں تب تک سندھ میں ہونے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور ملتوی کیا جائے ۔

(جاری ہے)

جے یوآئی رہنماں کا موقف ہیکہ بلدیاتی الیکشن سے قبل اختیارات کی نچلی سطح پر مکمل منتقلی کے بغیر انتخابات کرانا وقت اور قومی سرمائے۔ دونوں کا ضیاع ہے۔ موجودہ صورتحال میں صوبے میں برسراقتدار پارٹی کے پاس تمام اختیارات ہیں دیگر منتخب بلدیاتی نمائندے برسراقتدار صوبائی حکومت کی مرہون منت ہوں گے جس میں اختیارات کی منتقلی کا دعوی صرف ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں ۔

جے یوآئی رہنمائوں نے کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت ایک جانب وفاقی حکومت سے تو وسائل اور اختیارات لے رہی ہے اور مزید وسائل کے مطالبے بھی ہورہے ہیں مگر یہ اختیارات اور وسائل اب تک بلدیاتی اداروں کو منتقل نہیں کئے جارہے جو جمہوری اقدار کی صریح نفی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی نمائندوں کو برابری کی بنیاد پر اختیارات منتقل کئے جائیں کسی پارٹی کو کم اور کسی کو زیادہ اختیارات دینے کا سندھ حکومت کا کوئی اختیار نہ ہو بلکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات جیتنے والے تمام امیدواروں کو سیاسی وابستگی کے بغیر بلاتفریق اختیارات حاصل ہوں ، جب تک لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 74 اور 75 ون میں ترمیم نہ ہوجاتی آمدہ بلدیاتی انتخابات روکے جائیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں