عمران خان ملکی اداروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور عوام کو اپنے ہی اداروں کے خلاف کرنے کی سازش کر رہے ہیں،جمیل ضیا

جمعرات 19 مئی 2022 23:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و این اے 251کے ٹکٹ ہولڈرحاجی جمیل ضیا ڈاہری نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار چھننے کے بعد سے ذہنی طور پر مفلوج ہوچکے ہیں، عمران خان ملکی اداروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور عوام کو اپنے ہی اداروں کے خلاف کرنے کی سازش کر رہے ہیں جس کو پاکستان کی باشعور عوام اور پیپلز پارٹی کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگی، اگر عمران خان کو لگتاہے کہ ایسی عجیب و غریب حرکتیں اور بیان بازیوں سے وہ اپنے آپ کو عوام کی عدالت سے بچا لیں گے تو یہ ان کی خواب خیالی اور بھول ہے ،عوام گزشتہ چار سالوں کا حساب چاہتی ہے جوکہ عمران خان اور پوری پی ٹی آئی کو ہر حال میں دینا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی رہائشگاہ سے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

جمیل ضیا نے کہا کہ آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لئے پیپلز پارٹی نے قربانیاں دی ہیں اور اگر آگے چل کر بھی اپنے ملک ، قوم ،آئین اور جمہوری روایات کے تحفظ اور پاسداری کیلئے کسی بھی طرح کی قربانی دینی پڑی تو پیپلز پارٹی ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے لیکن ملک میں انتشار اور بے یقینی کی صورتحال کو کبھی پھیلنے نہیں دیگی، پاکستان ہمارے بزرگوں نے بہت قربانیوں اور مشکلات کے بعد حاصل کیا ،ہم اس کا شیرازہ بکھرنے نہیں دیں گے اور نہ ہی ایسی کسی سازش کو کامیاب ہونے دیں گے جس سے ملک وقوم کی سلامتی کو خطرہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملکی آئین کو پامال کرنے کے لئے سازشیں کر رہا ہے، وہ چاہتا ہے کہ ملک ترقی نہ کرے اور اقتدار میرے پاس رہے ،میں کچھ بھی کرتارہوں مجھ سے کوئی پوچھنے والا نہ ہو ، عوام کی زندگیوں میں مشکلات پیدا کرنے والا ایک بار پھر دوبارہ نفرت کی سیاست کو جنم دے رہا ہے ،پاکستان کی عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو جو شکست ہونی ہے اس کے بعد یہ لوگ کسی کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں