سندھ ہائی کورٹ،کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست پر کے الیکٹرک سے رپورٹ طلب

جمعہ 20 مئی 2022 15:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں حالیہ بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف درخواست پرکے الیکٹرک سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔جمعہ کوسندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں حالیہ بد ترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے کے الیکٹرک سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے وفاقی وزیرتوانائی، سندھ حکومت، کے الیکٹرک اوردیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

درخواست گزارمحمود اختر نقوی نے کہا کہ فرنس آئل اور بجلی پیداواربڑھانے کی صلاحیت رکھنا کے الیکٹرک کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ فرنس آئل اور پیٹرول مہنگا ہورہا ہے تو بجلی کے نرخ بھی تو بڑھائے جارہے ہیں۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پررپورٹ طلب کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

شدید گرمی کی وجہ سے شہری ذہنی اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔ شہرمیں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں۔ کے الیکٹرک اپنے پاور پلانٹس صرف 852 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔درخواست گزار نے موقف پیش کیا کہ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تعلیمی مراکز، اسپتال اور شہریوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ شہریوں سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود اضافے بلز وصول کیے جارہے ہیں۔ کراچی بھر میں 7 سے 9 تو کہیں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ناقص کارکردگی پرعوامی مفاد میں کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں