گردوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لئے کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزامید کی کرن ہی:بیرسٹر مرتضی وہاب

ہفتہ 21 مئی 2022 00:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گردوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لئے کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزامید کی کرن ہے اس اسپتال کی توسیع اور سہولیات میں اضافے کے لئے حکومت سندھ فنڈز فراہم کرے گی، نجی شعبہ اور حکومت مل کر کام کریں تو انتہائی بہتر نتائج سامنے آتے ہیں ،کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے باہمی تعاون کی ایک روشن مثال ہے، یہ بات انہوں نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزکے دورے کے موقع پر کہی، میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی ،ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم، ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن شکیل چوہدری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر KIKD ڈاکٹر خرم دانیال، کراچی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز اسپتال ایسوسی ایشن کے صدر مسعود نواب، جنرل سیکریٹری ایم افضال، نائب صدر اجمل کامل اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسپتال میں داخل مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا گیا کہ انسٹیٹیوٹ میں یومیہ 160 سے زائد مریضوں کو ڈائیلائسز ہوتا ہے اور 200 سے زائد مریض گردوں کے مرض کی تشخیص اور علاج کے لئے روزانہ او پی ڈی میں آتے ہیں، آئندہ چھ ماہ میں اسپتال کی ایک اور منزل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کو مزید سہولیات میسر آئیں گی ،یہاں گردوں کے پتھری نکالنے کیلئے جدید لیتھو ٹرپسی مشین نصب کی گئی ہے جبکہ مستقبل میں یہاں گردے کے ٹرانسپلانٹ کی سہولت فراہم کرنے پر بھی کام ہورہا ہے اور توقع ہے کہ اسی سال نومبر تک مزید ڈائیلائسز مشینیں بھی یہاں نصب کردی جائیں گی جس سے یہ ادارہ گردوں کے امراض کے علاج کا مرکز بن جائے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جو لوگ یہاں اعزازی طور پر کام کر رہے ہیں انہیں اس خدمت خلق کا صلہ اللہ تعالیٰ عطا کرے گا، یہ امر باعث اطمینان ہے کہ نجی شعبے سے لوگ ہیلتھ سیکٹر میں مدد کے لئے حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں اور اس باہمی شراکت عمل کی بدولت بہت سے طبی ادارے روزبروز بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں لہٰذا حکومت خود بھی ایسے معیاری اداروں کی سرپرستی اور ہر ممکن مدد کرے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اسپتال کے یورولوجی اور لیتھو ٹرپسی ڈپارٹمنٹ کے علاوہ آئی سی یو، لیبارٹری اور الٹرساؤنڈ کلینک کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ صحت کے شعبے کو بڑے پیمانے پر بہتری کی ضرورت ہے جس کے لئے جدید ترین تحقیق کی روشنی میں حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی، کوئی بھی ادارہ صرف عمارت کی بنیادپر نہیں چل سکتا بلکہ اسے فعال اور کامیاب بنانے کیلئے مشینری وآلات اور وہاں کام کرنے والوں کی کارکردگی اہمیت کی حامل ہوتی ہے لہٰذا بہتر پلاننگ اور اس پر عمل درآمد ہی کامیابی کی کنجی ہے انہوں نے کہا کہ یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ یہ ادارہ چوبیس گھنٹے بلامعاوضہ گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے اور یہاں کراچی کے علاوہ اندرون سندھ اور بلوچستان تک سے مریض ڈائیلا ئسز اور گردوں کے امراض کے علاج کی سہولت حاصل کررہے ہیں ،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ علاج کے ساتھ ساتھ ہمیں ایسے اقدامات بھی کرنے چاہئیں جن سے گردوں کے مرض سے محفوظ رہا جاسکے،کیونکہ گردوں کے مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے،اس کے لئے لوگوں کے رویہ اور غذائی عادات میں تبدیلی لانی ہوگی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں