سولر پینلز کی تیاری کے لئے مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کی جائی:الطاف شکور

طلباء کوفرسودہ نظریات، ٹیکنالوجی اور تصورات کے بجائے موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اعلی تعلیم دی جائے،صدر پاسبان

ہفتہ 21 مئی 2022 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے سولر پینلز پر 17فیصدجی ایس ٹی ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی بارہا یہ مطالبہ کر چکی ہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے شمسی توانائی کا استعمال کیا جائے۔ حکومت اور نجی شعبہ مہنگی بجلی، تیل اور گیس کی جگہ سولر انرجی کے استعمال پر توجہ دے۔

معیشت کو بچانے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے قابل تجدید توانائی سے فائدہ اٹھایا جائے۔ سولر پینلز کی تیاری کے لئے مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ درآمدات میں کمی صرف وزیراعظم شہباز شریف کا ایجنڈا نہیںبلکہ یہ قومی ایجنڈا ہے اورپاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا بھی یہی ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی یکجہتی تمام سیاسی مفادات سے بالاتر ہے۔

پُر تعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی سے معیشت کی بحالی اور کرنٹ اکاؤنٹ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس وقت پاکستان کا تیل کا درآمدی بل 20 ارب ڈالر ہے جسے سبز توانائی یا قابل تجدید توانائی کے فروغ سے ہی کم کیا جا سکتا ہے۔مہنگے غیر ملکی قرضوں کے بعد تیل کا بڑا درآمدی بل ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو کھا جانے والا ایک اور بڑا عنصر ہے۔

غیر ملکی قرضوں کے جال سے نکلنے میں کئی دہائیاں لگیں گی لیکن شمسی توانائی سے تیل کی کم درآمدات کی صورت میں کچھ ریلیف مل سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف گھریلو، تجارتی، صنعتی اور زرعی بجلی کے صارفین کے آسمان چھوتے بلوں میں کمی آئے گی بلکہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے اور نقصان دہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سولر پینلز پر 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) ختم کرنے کے اعلان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان شمسی توانائی کی پیداوار کے لئے بہترین ملک ہے۔

توانائی کے بحران پر قابو پانے اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حل کے لئے حکومت کا شمسی توانائی کے استعمال کا اقدام انتہائی خوش کن ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں کے ساتھ ساتھ بہاولپور میں متبادل توانائی کے وسائل کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) اور میگا سٹی کے صنعتکاروں کو وزیراعظم کو سولر پینلز پر جی ایس ٹی ختم کرنے پر راضی کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگلا بڑا کام یہ ہے کہ سولر پینلز اور لوازمات مقامی طور پر کیسے تیار کیے جائیں اس وقت پاکستان چین سے سولر پینلز درآمد کرتا ہے اور اس پر بھاری زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے۔

پی ای سی پاکستانی انجینئرز کا ایک باوقار فورم ہے لیکن جب انجینئرنگ کی اختراعات اور مقامی طور پر جدید انجینئرنگ مینوفیکچرنگ متعارف کرانے کا معاملہ ہو تو یہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اب ہمیں غیر ملکی اشیاء کی اسمبلنگ اور پیکنگ کے بجائے اپنی مصنوعات خود بنانے پر فوکس کرنا ہوگا۔ ہماری انجینئرنگ یونیورسٹیاں آج تک وہی پرانا نصاب پڑھا رہی ہیں اور وہ طلباء میں ٹیکنالوجی کی تحقیق اور ترقی اور اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ نہیں دیتیں۔

الطاف شکور نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیمی نظام بحال کیا جائے۔ طلباء کو دہائیوں پرانے فرسودہ نظریات، ٹیکنالوجی اور تصورات سکھانے کے بجائے موجودہ اور مستقبل کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جدید تبدیلیاں لائی جائیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں