پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن،16ماہی گیروں کی جان بچالی

پیر 23 مئی 2022 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں کشتی کے عملے کی جان بچاتے ہوئے انہیں بحفاظت کورنگی فش ہاربر پہنچادیا ۔پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ہمیشہ سمندر میں جان بچانے کے لیے پرعزم ہے۔ مون سون کے موسم میں سمندر میں طغیانی اور تیز ہواؤں میں، پی ایم ایس اے کوماہی گیر کی ایک کشتی "سفینہ عدنان" (رجسٹریشن نمبر: 19567 - B )جس پر 16افراد کا عملہ تھا سے ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی ۔

ناخدا کی طرف سیانجن کی خرابی اور ضرورت سے زیادہ کشتی میں پانی بھرنے کا بتایا گیا۔ جس کی وجہ سے کشتی گھنٹوں میں ڈوب سکتی تھی۔ سمندر میں طغیانی کے باوجود، پی ایم ایس اے نے فوری طور پر اپنی فاسٹ ریسپانس بوٹ (ایف آر بی) کو ڈی فلڈنگ پمپس، کشتی کیھنچنے کے انتظامات، جان بچانے اور ابتدائی طبی امداد کے آلات کے ساتھ رپورٹ شدہ پوزیشن (کراچی کے جنوب) کی طرف روانہ کر دیا۔

(جاری ہے)

پی ایم ایس اے کی ٹیم نے اندھیری رات میں کشتی کو تلاش کیا اور کشتی سے پمپوں کی مدد سے پانی کو نکالنا شروع کر دیا۔ ماہی گیر کشتی کے عملے کو ابتدائی طبی امداد اور خوراک بھی فراہم کی گئی۔ صبح کے 04:45 پر پانی نکالنے کا عمل مکمل ہوگیا اور کشتی کے عملے کو انجن اسٹارٹ کرنے میں مدد فراہم کی گئی۔ PMSA کے عملے کی لگن اور حوصلے نے بالآخر 16 قیمتی جانوں کو بچا لیا اور "سفینہ - عدنان" کو بحفاظت کورنگی فش ہاربر کراچی پہنچا دیا۔.پی ایم ایس اے ہمارے ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے اور یہ آپریشن اسی عزم کا مظہر تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں