قرآن وسنت کا نظام ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے،محمد حسین محنتی

قرآن فہمی کافائدہ تب ہے جب ہم اسے زندگی کا مرکز و محور بنائیں،تقریب سے خطاب

پیر 23 مئی 2022 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے کے لیے قرآن وسنت کا نفاذ ناگزیر ہے یہ ملک کسی اور نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا ،یہ ملک کلمے کے نام پہ قائم ہوا ہے یہی نظام اسے روشنی کی طرف لے جاسکتاہے،قرآن وسنت کا نظام ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔

ان خیالات کا اظہارنے مبارک مسجد لطیف آباد نمبر8 میں جماعت اسلامی اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایک سالہ قرآن فہمی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایک سالہ قرآن فہمی کورس مکمل کرنے والے مرد وخواتین کو اسناد اور اساتذہ و منتظمین کو شیلڈز تقسیم کی گئیں خواتین کے پردے کا اہتمام کیاگیا تھا ۔

(جاری ہے)

صوبائی امیرکا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے خود فرمایا ہے کہ اس قرآن کو اگر ہم پہاڑ پہ اتارتے تو وہ خشیت الٰہی سے ریزہ ریزہ ہوجاتا لیکن اسے انسان پہ اتارا گیا ان کے قلب پراتاراگیا اور جو دل بھی نرم ہوا اسے قرآن سے ہدایت ملے۔ ہم قرآن کی طرف رجوع کریںتو یہ ہمارے دلوں کی بہار اور سینے کانور بن جائے گا۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا یہاں کوئی دوسرا نظام نہیں چل سکتا پوری قوم قرآن وسنت مصطفی صلی اللہ وعلیہ وسلم کی دعوت کو لیکر اٹھے اورفرقہ واریت، عصبیت اور علاقائیت کے بتوں کو پاش پاش کردے ۔

قرآنی احکامات و پیغام سے دوری کی وجہ سے آج ہر طرف ظلم و جبر کا دور ہے۔ کشمیر سے فلسطین تک امت مسلمہ کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔ امت کو اپنا کھویا ہوا مقام دو بارہ حاصل کرنے اور مسائل سے نجات کے لیے اپنا رشتہ قرآن سے جوڑنا پڑے گا۔ اسی کے ذریعے ہی دنیا میں امن اور دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے ۔ قرآن مجید ایک انقلابی کتاب و معجزہ ہے، ہمیں زندگی کے ہر دائرے میں اس کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

مہنگائی و بیروزگاری اور معیشت کی تباہی کی وجہ سودی نظام اور بیڈ گورننس ہے۔ ہر مسلمان دین کا سپاہی بن کر قرآن کی دعوت و پیغام کو عام کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جنہوں نے آج یہاں قرآن فہمی کا ایک سالا کورس مکمل کیا ان میں ہرطبقے وپیشے کے لوگ شامل ہیں تاہم خواتین زیادہ مبارکباد کی مستحق ہیں ان کے اذہان کی تبدیلی ایک خاندان اور آنیوالی نسل کی تبدیلی ہے ماں کی گود بہترین تربیت گاہ ہے ۔

قرآن فہمی کافائدہ تب ہے جب ہم اسے زندگی کا مرکز و محور بنائی اور اقامت دین کے کام میں لگ جائیں اسی میں نجات ہے۔اس موقع پر امیر ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، پیماسندھ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر فصیح ہاشمی، پروفیسر عبداللہ، ڈاکٹر شمس العارفین، مولانا عتیق الرحمن، قاری ارشد ہاشمی، ظہیر الدین شیخ ، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا ، ناظم زون لطیف آباداے عامر فاروق ودیگر معززین شہر بھی موجودتھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں