کراچی ،پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے 16قیمتی جانوں کو بچا لیا

پیر 23 مئی 2022 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن نے 16قیمتی جانوں کو بچا لیا اور ماہی گیر کی کشتی ''سفینہ عدنان''کو بحفاظت کورنگی فش ہاربر کراچی پہنچا دیا۔ پی ایم ایس اے سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ہمیشہ سمندر میں جان بچانے کیلئے پرعزم ہے، مون سون کے موسم میں سمندر میں طغیانی اور تیز ہواں میں، پی ایم ایس اے کو 21مئی 22کی رات تقریبا 11:00بجے، 16افراد کے عملے پر مشتمل ماہی گیر کی ایک کشتی ''سفینہ عدنان''رجسٹریشن نمبر B-19567سے ایک ایمرجنسی کال پرانجن کی خرابی اور ضرورت سے زیادہ کشتی میں پانی بھرنے سے متعلق آگاہ کیا گیاجس کی وجہ سے کشتی گھنٹوں میں ڈوب سکتی تھی۔

سمندر میں طغیانی کے باوجود پی ایم ایس اے نے فوری طور پر اپنی فاسٹ ریسپانس بوٹ (ایف آر بی)کو ڈی فلڈنگ پمپس، کشتی کیھنچنے کے انتظامات، جان بچانے اور ابتدائی طبی امداد کے آلات کے ساتھ کراچی کے جنوب میں رپورٹ شدہ پوزیشن کی طرف روانہ کر دیا۔

(جاری ہے)

پی ایم ایس اے کی ٹیم نے اندھیری رات میں کشتی کو تلاش کیا اور کشتی سے پمپوں کی مدد سے پانی کو نکالنا شروع کر دیا۔

ماہی گیر کشتی کے عملے کو ابتدائی طبی امداد اور خوراک بھی فراہم کی گئی۔ صبح کے 04:45پر پانی نکالنے کا عمل مکمل ہوگیا اور کشتی کے عملے کو انجن اسٹارٹ کرنے میں مدد فراہم کی گئی۔پی ایم ایس اے کے عملے کی لگن اور حوصلے نے بالآخر 16قیمتی جانوں کو بچا لیا اور''سفینہ عدنان''کو بحفاظت کورنگی فش ہاربر کراچی پہنچا دیا۔پی ایم ایس اے ہمارے ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے اور یہ آپریشن اسی عزم کا مظہر تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں