سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ ، صوبے میں جلسے جلوسوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی،نوٹیفکیشن جاری

منگل 24 مئی 2022 14:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144نافذ کردی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئی جی سندھ کی جانب سے محکمہ داخلہ کو خط لکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اور دیگر عناصر کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ریاست مخالف عناصر صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی لگادی دی گئی ہے، کسی بھی اجتماع یا مظاہرے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔اس کے علاوہ صوبے بھر میں 30 روز کیلئے ریلیاں نکالنے پر بھی پابندی ہوگی، متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او کارروائی کرسکے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں