پاکستان کا ایٹمی ملک بننا اللہ تعالی کا ایک عظیم احسان ہے، علامہ فریدی

28 مئی فخر و مسرت، قومی تاریخ کا انمٹ باب ہے، یعقوب شیخ، حاجی انور، ڈاکٹر عبد الرحیم

جمعہ 27 مئی 2022 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) پاکستان کا ایٹمی پاور ملک بننا اللہ تعالی کے لاکھوں کروڑوں احسانوں میں سے ایک عظیم احسان ہے جس پر قوم کو اللہ تعالی کا ہر دم شکر ادا کرتے رہنا چاہئے، ممتاز ایٹمی سائنسدان و قومی ہیرو ڈاکٹر عبد القدیر خان نے اللہ تعالی کی ہی مہربانی سے وطن عزیز کو 24 سال قبل 28 مئی کو عالم اسلام میں پہلا اور دنیا عالم میں ساتواں ایٹمی پاور ملک بنایا تھا ہمیں قومی ہیرو ڈاکٹر عبد القدیر خان کی اعلی قومی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا اور ملکی تاریخ کے اہم ترین دن 28 مئی کو قومی جذبے کے ساتھ منانا چاہئے اس پر سیاست ہر گز نہیں کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

وطن عزیز کا ایٹمی پاور ملک بننا قوم کے لئے نہایت باعث فخر ہے ان خیالات کا اظہار شبان غربا اہلحدیث کے ناظم علامہ عبد الخالق فریدی، مزدور رہنما یعقوب احمد شیخ، مسجد کمیٹی کے صدر و ماہر تعلیم حاجی محمد انور، ڈاکٹر عبد الرحیم شیخ نے بانیان پاکستان کی اولادوں کی سماجی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی) پاکستان کے چیئرمین محمد اسلم خان فاروقی کی زیر صدارت غربا مسجد میں 28 مئی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس میں کیا مقررین نے کہا کہ 28 مئی فخر و مسرت کا دن اور ہماری قومی تاریخ کا انمٹ باب یے جب پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا تھا انہوں نے کہا کہ قومی ہیرو ڈاکٹر عبد القدیر خان کی اعلی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اجلاس میں ڈاکٹر عبد القدیر خان کے درجات کی بلندی اور ملک سے سیاسی و معاشی بحران کے خاتمے سمیت ملکی استحکام و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں