موجودہ حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر بہت بڑاظلم ہے،سید جلال محمود شاہ

جمعہ 27 مئی 2022 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین سید جلال محمود شاہ نے پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر بہت بڑاظلم ہے۔ پیٹر ول اور ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے سے عوام مہنگائی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں اور کم آمدنی والے طبقوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

مہنگائی کی مار جھیل رہے غریب عوام پر حکومت آئے دن مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔ ایس یو پی میڈیا ہاوس کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی معیشت کے لئیے خطرہ بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی آزاد نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے معاشی حالات مزید خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک خارجہ پالیسی آزاد نہ ہونے کی وجہ سے معاشی تباہی کا سبب بنے ہیں۔

جب تک پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد نہیں ہو گی تب تک معیشت میں بہتری نہیں آسکتی اور عوام غلامی کی چکی میں پستے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران حکومت کو طول دینے کے لئیے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر نے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ معیشت کی مضبوطی کے نام نہاد دعوے کرنے والی نا اہل حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے ۔

حکومت اپنی نااہلی کا بدلہ عوام سے لے رہی ہے۔ گیس بجلی اور پیٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوں نے پہلے ہی عوام کا جینا اجیرن کر دیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ ریاست کو بچانے کے لئیے ضروری ہے کہ فوری طورملک کی آزاد خارجہ پالیسی جوڑی جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کی پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں