اک اسلامی ایٹم بم عالم اسلام کا دفاعی حصار ہے،مقررین یوم تکبیر سیمینار

ایٹم بم اور پاک فوج ملک کے ماتھے کا عظیم جھومر ہیں ہم ہر سطح پر ان کا دفاع و تحفظ کرتے رہیں گے،مولانا محمد امین انصاری

ہفتہ 28 مئی 2022 20:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) خاکسار تحریک پاکستان اور متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام یوم تکبیر سیمینار پروفیسر ڈاکٹر حکیم سید علی نصر عسکری سینیئر نائب امیر خاکسار تحریک پاکستان کی زیر صدارت خاکسار تحریک کے مرکزی دفتر گلشن اقبال میں منعقد ہواجس کے مہمان خصوصی محاذ کے بانی مولانا محمد امین انصاری تھے، سیمینار میں شریک پاکستان بشپ کونسل کے مرکزی چیئرمین بشپ خادم بھٹو،نیشنل پیس کمیٹی فار انٹر فیتھ ہارمنی کے مرکزی سینیئر نائب صدر بابر فاؤنڈیشن کے چیئرمین سردار بابر عباسی،پیر طریقت حضرت شیخ وقار احمد رحمانی سفیر امن برائے پاکستان، علامہ ڈاکٹر فیصل مہدی شایاری، علامہ ڈاکٹرشاہ فیروزالدین شاہ رحمانی، منوج چوہان،سردار امر سنگھ، پنڈت مکیش کمار،مولانا محمد احمد فاطمی،پروفیسر تنویر اختر،ریورنڈ انور جاوید،ڈاکٹر ایوب عباسی،ڈاکٹر محمد عروس، سخاوت نور اور سابقہ ڈی آئی جی سی کے چاچڑ، ڈاکٹر ابو صابر مریم، ڈاکٹر قمر رحمانی، مولانا سید پیر شاہ کفیل احمد، قاری شاہ حسین الدین رحمانی، ڈاکٹر سید لیئق الحسن نقوی، اکرام پاکستانی و دیگر نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ، ایٹمی پاکستان مغربی و مشرقی سامراج کی آنکھوں میں بری طرح کھٹک رہاہے اور سامراج کے زیراثر چلنے والے عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کے ایٹم بم کو ختم کرنے کیلئے گھناؤنی سازشیں کررہے ہیں لیکن پاکستان کے 23کروڑ عوام ان سازشوں کو اپنے اتحاد سے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دینگے، مقررین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی زیر قیادت پاکستان کو ایٹمی ملکوں کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی شبانہ روز جدوجہد کو کسی طور فراموش نہیں کیاجاسکتا، اس وقت پاکستان پورے عالم اسلام کا قائد ہے جس پر تمام مسلم ممالک کے سربراہان فخر محسوس کرتے ہیں اور ہمارے پڑوسی دشمن بھارت کے ظالم حکمران بھی ایٹمی پاکستان سے لرزاں براندام ہیں،پاک اسلامی ایٹم بم عالم اسلام کا دفاعی حصار ہے، ایٹم بم اور پاک فوج ملک کے ماتھے کا عظیم جھومر ہیں ہم ہر سطح پر ان کے دفاع،استحکام اور تحفظ کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

خاکسار تحریک کیسینئر نائب امیر پروفیسر ڈاکٹر حکیم عسکری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم ہر سال 28 مئی کو یوم تکبیر بڑے جوش و جذبے سے مناتے ہیں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے محسن پاکستان کو احسان فراموش حکمران بھول جاتے ہیں ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کی جدوجہد قربانیوں کا نتیجہ سب نے دیکھا انہیں امریکہ کے حوالے کرنا چاہا مگر کچھ غیرت مندوں نے اسے روکاامریکہ نواز حکمرانوں نے ان پر عرصہ حیات تنگ اور انہیں اپنے ہی گھر میں قید کر دیا انہوں نے اپنی آخری زندگی بے بسی، بے کسی اور کسمپرسی کی حالت میں گزاری لیکن مرد قلندر،مرد مجاہدڈاکٹر عبد القدیر خان مملکت خداداد پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر دنیا اور اللہ کی عدالت میں سرخرو ہو گئے،دنیا کے ہر صاحب ایمان اور محب وطن کا یقین کامل ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان جنتی ہیں۔

ہم محسن پاکستان ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،امریکہ نواز حکمران ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے،جو قوم اپنے محسنوں کو فراموش اور مقام غیرت بھلا دیتی ہے وہ قوم کبھی عزت وقار اور آزادی کی زندگی نہیں گزار سکتی،آج کا دن پاکستان کا پوری دنیا میں ایک ایٹمی طاقت کے طور پر ابھر کر سامنے آنے کا دن ہے۔ ہمیں اپنی افواج پاکستان پر فخرہے، جو پاکستان کے لیے محفوظ پناہ گاہ کا مقام رکھتے ہیں اور پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ پاکستان زندہ باد پاک فوج پائندہ باد۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں