ھ*عیدالاضحی ، سندھ میں بھی تجارتی مراکز بند کرنے کے اوقات کی پابندی 10 جولائی تک ختم

اتوار 3 جولائی 2022 21:45

K کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2022ء) عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی سمیت سندھ بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی کو فوری طور پر ختم کرتے ہوئے 10 جولائی تک دکانداروں اور تاجروں کے لیے اوقات کار کی پابندی ختم کردی گئی۔حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عوام کی سہولت کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 11 جولائی سے وقت کی پابندی کا اطلاق دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ 17 جون کو سندھ بھر میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قلت کے پیش نظر تمام بازار، دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ سندھ میں تمام شادی ہالز اور بینکوئٹ میں شادی اور دیگر تقاریب رات ساڑھے 10 بجے تک ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹ اور کافی شاپس کو رات 11 بجے تک بند کرنا ہوگا، جبکہ پیٹرول پمپ، ہسپتال، میڈیکل اسٹورز، بیکری اور دودھ کی دکانوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگاتاہم 24 جون کو سندھ حکومت نے کھانے پینے کے مراکز کے لیے کاروباری اوقات میں توسیع کرتے ہوئے کچھ پابندیوں میں نرمی کردی تھی اور ہفتہ کے روز اوقات کی پابندی کے بغیر ہر قسم کی تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دے دی تھی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ تمام ریسٹورنٹس، کافی/چائے کی دکانوں اور کیفے پورے ہفتے رات ساڑھے 11 بجے تک کام کر سکیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے بھی مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی کو ختم کرتے ہوئے 9 جولائی، یعنی عید الاضحیٰ سے ایک روز قبل تک دکانداروں اور تاجروں کے لیے اوقات کار میں نرمی کردی تھی۔وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی جانب سے کیے گئے اعلان کے ساتھ عید کے پیش نظر مارکیٹ میں صارفین کے رش کے منتظر تاجروں نے سکون کا سانس لیا تھا۔وزیر اعلیٰ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’یہ فیصلہ عید کے تناظر میں تاجر برادری اور عوام کی سہولت کے لیے کیا گیا جس سے عید سے قبل پورا وقت کاروبار میں آسانی ہوگی‘۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں