آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جشن آزادی کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب ”ارضِ پاک“ کا انعقاد

آزادی ایک نعمت ہے ،اس ملک میں آنے والا سال جانے والے سے زیادہ برُا ہوتا جارہا ہے، معروف ادیب و دانشور انور مقصود ہمیں سوچنا ہوگا کہ قائد کے کتنے خواب پورے ہوئے اورکتنے نہیں،صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ آج ہم یہاں جشن آزادی منانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، صوبائی وزیر سعید غنی پاکستان کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

پیر 15 اگست 2022 12:01

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جشن آزادی کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب ”ارضِ پاک“ کا انعقاد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اگست۔2022ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور محکمہ ثقافت سندھ کے مشترکہ تعاون سے جشن آزادی کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب ”ارض پاک“ کا انعقاداحمد شاہ بلڈنگ اسٹوڈیووَن میں کیاگیا ،تقریب میں وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ،صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی ،ادیب و دانشور انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ،پارلیمانی سیکریٹری قاسم سومرو اور اعجاز فاروقی کے علاوہ شرکاءکی بڑی تعداد نے شرکت کی، مختلف فنکاروں نے شاندار پرفارمنس اور وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار ملی نغمے گاکر شرکا کا جوش وجذبہ بڑھادیا،تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کہاکہ آج پاکستان کی پچھترویں سالگرہ ہے، آزادی ایک نعمت ہے۔

(جاری ہے)

پچھتر برس بہت ہوتے ہیں ترقی کرنے کے لیے، جب انیس سو اڑتالیس میں پاکستان آیا تھاتب کہتا تھا یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیا ہوئی حیران۔ اب کہتا ہوں کیوں دی ہمیں آزادی، انہوں نے کہاکہ احمد شاہ نے آرٹس کونسل کے لیے جو کام کیا ہے وہ قابل ستائش ہے، میں نے شاہ صاحب سے کہا کہ ایک شام مناتے ہیں مائی بھاگی کے لیے،سچل سر مست کے لیے، میں نے پونے چودہ اگست لکھا،سوا چودہ اگست لکھا اور اب ساڑھے چودہ اگست لکھا ، چودہ اگست اس لیے نہیں لکھا کیونکہ میں اس کے انتظار میں ہوں۔

آج آرٹس کونسل جہاں ہے وہ سندھ حکومت کی محبت کا تحفہ ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ واحد ملک ہے جس کی قسمت ٹھیک نہیں ہے، اس ملک میں آنے والا سال جانے والے سے زیادہ برُا ہوتا جارہا ہے۔ ہم اپنی طرف سے ہر بات مان لیتے ہیں، حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، عوام دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہے، عوام حکومت کے ساتھ ہو گی تو ہی حکومت کچھ کر سکے گی، وزیر تعلیم وثقافت سید سردار علی شاہ نے کہاکہ پاکستان آج پچھتر سالوں کا سفر کر کے یہاں تک پہنچا ہے، جشن منانے کے ساتھ کچھ سوچنے کا دن اور لمحہ فکریہ بھی ہے ، پاکستان انیس سو چالیس کی قرارداد سے بنا، ہمیں پاکستان کے صوبوں کو خود مختار کرنا ہو گا، وفاقی جمہوریت تب تک مضبوط نہیں ہو گی جب تک صوبے خود مختار نہیں ہونگے، آج ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ قائد کے کتنے خواب پورے ہوئے اورکتنے نہیں، صوبائی وزیر سعید غنی نے کہاکہ آج ہم یہاں جشن آزادی منانے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں،

 صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے لیے آج عظیم دن ہے، پاکستان نے پچھتر سال پورے کیے ہیں، پاکستان کا نام رہتی دنیا تک قائم رہے گا، میں انور مقصود، صوبائی وزیر تعلیم وثقافت سردار علی شاہ، صوبائی وزیر برائے محنت و افردای قوت سعید غنی اور تمام شرکاءکو خوش آمدید کہتا ہوں، میوزیکل پرفارمنس میں حمیرا چنا،فہیم علن فقیر، محمد علی کے علاوہ منیب شیخ، ہما کوثر، سدرہ کنول، فرحان عل، شاہ زیب علی، سونیا علی، نعمان شیخ، امیر علی، کامران سگو، نیوئن مشتاق، محمد زبیر، جیمبرز بینڈ، اعجاز علی اور سلمان احمد نے اپنی سریلی آواز کا جادو جگا کر پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔

صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ،ادیب و دانشور انور مقصود،سعید غنی،احمد شاہ،اعجاز فاروقی اور قاسم سومرو نے تصویری نمائش میں جیتنے والے فنکاروں میں ایوارڈز تقسیم کیے، پہلا انعام رضوان قریشی کو ایک لاکھ روپے نقد انعام سے نوازاگیا، بہترین دستاویزی فلم کے لیے دوسرا انعام فرقان لشکروالا کو دیا گیا جبکہ تیسرا انعام رحمت خان کو دیا گیا۔تقریب میں نظامت کے فرائض شکیل خان نے انجام دیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں