-ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان اور سابقہ پی ٹی آئی حکومت ہے۔ علامہ راشد سومرو

بدھ 8 فروری 2023 23:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2023ء) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیغمبر انقلاب صلی علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر اسلامی نظام نافذ کرنے کی ضرورت ہے ، 75 سال گزرنے کے باوجود ملک کو جس نعرہ پر حاصل کیاگیا لاالہ الا اللہ والا نظام نافذ نہ ہو سکا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جماعتی ذمہ داران سے گفتگو کیا ۔

اس موقع پر اجتماع سے انجنیئرعبدالرزاق لاکھو ،مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا عادل لطیف ، مولاناگل حسن زؤر، سلیم سندھی ، رفیق احمد سومرو و دیگر عہدیداران بھی خطاب موجود تھے۔علامہ راشدمحمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نے جس ملک کے لئے پیشن گوئیاں کی تھی پچھلے 75 سال سے وہ پوری ہوتی نظر آرہی ہے۔

(جاری ہے)

کلمہ طیبہ کے نام پر پاکستان بنا تھا اس پر عمل کرنا تو دور کی بات ہے اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے اقتدار مذہبی طبقے کے حوالے کرنے میں روڑے اٹکائے گئے 75 سال سے اس ملک کا نظام مغرب کے تعلیم تافتہ لوگوں کے حوالہ ہے ، جب ملک کا اقتدار قاتلوں ، رہزنوں ، زانیوں ، شرابیوں ، کرپٹ ، ظالم اور عوام دشمن لوگوں کے حوالے ہوگا تو ملک و قوم کا ستیاناس تو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان اور سابقہ پی ٹی آئی حکومت ہے جس نے 75 سالوں میں سب سے بڑا 25 ہزار ارب کا قرض لیا اسٹیٹ بینک گروی رکھا، آئی ایم ایف سے معاہدے کرکے معاشی طور پر ملک کو کمزور کیا ، عمران خان کے معاہدوں کی وجہ سے ڈالر، پیٹرولیم مصنوعات، و دیگر اشیائ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آج بھی مہنگائی کی وجہ ان کی ناقص پالیساں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جییو آئی گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے عمران خان کے خلاف میدان عمل میں تھی۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اسلام اور پاکستان دشمن ہے وہ کفار یہود و ہنود کا ایجنٹ ثابت ہواہے ریاست مدینہ کا نام لیکر ریاست اسرائیل کی طرف عمل پیرا تھا ،جے یو آئی کا لانگ مارچ مہنگائی کے خلاف نہیں عمرانی فتنے کے خلاف تھا، اگر ہم انہیں اقتدار سے نہ اتارتے تو آج ملک کی سلامتی بھی خطرات سے دوچار ہوتی۔

علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ اس وقت دین و اسلام کی بقاء کی جنگ ہم لڑ رہے ہیں، مہنگائی کے خلاف بات نہ کرنے کا طعنہ دیا جا رہا ہے کوئی بتائے ہمارے سوا میدان میں کون ہے جب تک جان میں جان ہے دین اور دھرتی کی جنگ لڑتے رہیں گے ، سندھ کی عوام ووٹ کرپٹ طبقے ، لٹیروں کی بجائے علمائ کرام کو دیں تو یقیناً سندھ خوشحال ہوگا اور یہ صوبہ ترقی کرے گا

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں