کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں کے علاج اور دیکھ بھال کے حوالے سے مکمل انکوائری ہو گی،گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری

ہفتہ 25 مارچ 2023 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2023ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کسی کو غلط کام نہیں کرنے دیں گے، کراچی چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں کے علاج اور دیکھ بھال کے حوالے سے مکمل انکوائری ہو گی،سیاسی پشت پناہی کا الزام درست نہیں، انکوائری میں جس کی بھی کوتاہی ثابت ہوئی اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت کردی ہے کہ تین یو م کے اندر چڑیا گھر کی ہتھنی نور جہاں کی دیکھ بھال، غذا اور علاج کے حوالے سے انکوائری کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کریں،ہتھنی کے علاج کے لئے انٹر نیشنل ادارہ فورپا کے ماہرین چار پانچ دنوں میں کراچی پہنچ جائیں گے،وزیر بلدیات کے ہمراہ چڑیا گھر اسی لئے آیا ہوں کہ اگر کہیں کوئی انتظامی کوتاہی ہورہی ہے تو اسے دور کیا جائے۔

(جاری ہے)

جاری اعلامیہ کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ کے ہمراہ کراچی چڑیا گھر کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن، میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین اور ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر بلدیات سید ناصرحسین شاہ نے چڑیا گھر کی ہتھنی نورجہاں کا معائنہ کیا اور چڑیا گھر کا دورہ کیا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد ہتھنی نور جہاں کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تحقیق کرنا ہے۔

چڑیاگھر کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہتھنی نور جہاں کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔یہ بے زبان جانوروں کا مسئلہ ہے اس میں کوئی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔ سوشل میڈیا پر ہتھنی کی صحت اور دیکھ بھال کے حوالے سے جو باتیں ہورہی ہیں ان کے متعلق ایڈمنسٹریٹر کراچی خود میڈیا کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر تاریخی اثاثہ ہے جہاں 800 سے زائد جانور اور پرندے موجود ہیں۔

بچپن سے چڑیاگھر کی ممتاز بیگم کا تذکرہ سنتے آئے ہے آج اس سے بھی ملوں گا۔ وزیر بلدیات سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے چڑیاگھر کی ہتھنی نورجہاں کی خصوصی دیکھ بھال اور علاج کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر فنڈز کی قلت ہے تو وہ ذاتی طور پر پیسے بھیج رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کے بعض مسائل ہیں، انہیں حل کریں گے،کراچی چڑیا گھرمیں جانوروں کے علاج کے لئے ایک معیاری اسپتال بنایا جائے گا۔

خاص طور پر یہاں ڈاکٹروں کی کمی دور کی جائے گی، چڑیا گھر کی ہتھنی کے علاج کےلئے جو بھی چیزیں باہر سے منگوانا پڑی منگوائیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے بھی کراچی چڑیا گھر کی بہتری چاہتے ہیں۔ سندھ کے آئندہ بجٹ میں کراچی چڑیا گھر کے لیے بڑا فنڈ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی چڑیا گھر کو بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی کام شروع کرائے کیونکہ کے ایم سی کو فنڈز کی کمی کا سامنا تھا۔ کوشش کی جارہی ہے کہ کے ایم سی اپنے پیروں پر پر خود کھڑی ہو۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے ایم سی کی آمدنی بڑھانے کیلئے کام کررہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں