گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر سے وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کی گورنر ہاس لاہور میں ملاقات

ہفتہ 10 اگست 2024 21:28

گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر سے وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کی گورنر ہاس لاہور میں ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے سندھ کے وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے گورنر ہاس لاہور میں ملاقات کی اور سیاحت سمیت دیگر اہم دلچسپی کے امور پر تبادل خیال کیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے گورنر پنجاب کو سندھ کے سیاحتی و ثقافتی مقامات اور انکی تاریخی و قدیم حیثیت سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ سندھ کے آثار قدیمہ کو بین الاقوامی سطح پر بھی خوب سراہا گیا ہے جبکہ قدرتی سیاحتی مقامات بھی اپنی مثال آپ ہیں جس کی ایک مثال گرم ترین علاقے میں سرد ترین مقام گورکھ ہل بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان سیاحتی تعلقات کے استحکام کے لیے ایک دوسری کی ثقافت، تاریخ سے واقف ہونا ضروری ہے جبکہ سیاحتی مقامات کی ترقی سے مقامی افراد کیلئے روزگار کے بھی زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے گورنر پنجاب کو مکلی، موہن جو دڑو، کوٹڈجی، تھرپارکر سمیت دیگر سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے وزیر ثقافت و سیاحت سندھ کی باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں سیاحت کیلئے بہترین مقامات موجود ہیں، ہمارے پاس موقع ہے کہ سیاحتی شعبے کے فروغ سے معاشی حالات بہتر بناسکیں۔ انھوں نے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کی سندھ کے سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے انکی تجاویز پر اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں