ربیع الاول کے انتظامات کرنا ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لئے سعادت ہے، میئرکراچی

ماہ ربیع الاول بابرکت مہینہ ہے جس میں نبی کریم ﷺاس دنیا میں تشریف لائے اور ہمیں جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکالا اور قرآن مجید کی صورت میں روشد و ہدایت کی وہ روشنی عطا کی جو رہتی دنیا تک ہماری رہنمائی کرتی رہے گی، مرتضیٰ وہاب

پیر 9 ستمبر 2024 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے لئے ماہ ربیع الاول ایک مقدس اور بابرکت مہینہ ہے جس میں نبی کریم ﷺاس دنیا میں تشریف لائے اور ہمیں جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکالا اور قرآن مجید کی صورت میں روشد و ہدایت کی وہ روشنی عطا کی جو رہتی دنیا تک ہماری رہنمائی کرتی رہے گی، ربیع الاول کے انتظامات کرنا ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارے لئے سعادت ہے، بارہ ربیع الاول سے قبل تمام بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کمشنر کراچی حسن نقوی، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز شاہ ، واٹر کارپوریشن کے سی ای او اسد اللہ خان، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ڈی آئی جی ٹریفک، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، علماء کرام ، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات طبیہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور انہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کی ہے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ حضور اکرم ﷺ سے سچی محبت کرتے ہیں انہیں اپنے اعمال کے ذریعے اور سنت رسول ﷺپر عمل کرکے عملی مظاہرہ کرنا چاہئے، میئر کراچی نے کہا کہ بیع الاول کے انتظامات کارخیر ہیں اور علماء کرام کی مشاورت سے انہیں ہر ممکن بہتر بنایا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام جشن عیدمیلاد النبی ﷺکے حوالے سے پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام ، ثناء خواں رسولؐ اور دانشوروں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، اجلاس کے دوران علماء کرام نے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور مختلف مسائل کے فوری حل پر زور دیا، بیشتر مسائل کا تعلق صفائی ستھرائی کی صورتحال ، سڑکوں کی مرمت، تجاوازت کے خاتمے، سیوریج لائنوں کے رسائو، سیکورٹی اور کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی لوڈشیڈنگ سے تھا، اجلاس میں مولانا حکیم محمد اکبر درس، علامہ محمد صادق جعفری، سید رضی حیدر رضوی، قاضی احمد نورانی، ڈاکٹر جمیل راٹھور، مفتی محمد عابد، محمد یعقوب عطاری، آصف رضا قادری، اکبر شاہ ، مفتی محمد نوید عباسی، ناصر حسین خان، الطاف قزلباش، مولانا محمد اشرف گورمانی، محمد عمران عطاری اور دیگر علماء کرام اور منتظمین جلوس کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف علاقوں کے بلدیاتی مسائل سے میئر کراچی کو آگاہ کیا، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں سے شہر کی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے جن کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا جا رہا ہے اور کوشش ہوگی کہ جلد سے جلد سڑکوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس سال سڑکوں پر پانی جمع نہیں ہوا اور کے ایم سی نے مختلف اداروں کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی اپناتے ہوئے بھرپور طریقے سے کارروائی کی اور آج الحمدللہ کراچی کے تمام بڑی شاہراہیں پر ٹریفک رواں دواں ہے، انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے میں ان کے افسران سے بات کروں گا تاکہ لوڈشیڈنگ کے باعث ربیع الاول کی محافل میں خلل نہ پڑے اور ربیع الاول کے حوالے سے جلسے اور جلوس بہتر انداز میں منعقد ہوسکیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو بلدیاتی کام ٹائونز کے ذمے ہیں ان سے بھی بات کی جائے گی تاکہ وہ علاقوں کے بلدیاتی مسائل کو اپنے طور پر حل کریں، اس موقع پر علماء کرام نے میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ربیع الاول جیسے مقدس مہینے کے انتظامات کے لئے اجلاس منعقد کیا اور علماء کرام کو مدعو کرکے ان سے مسائل سنے، منتظمین جلوس نے میئر کراچی سے درخواست کی کہ جلسوں اور جلوس کی سیکورٹی کے معاملات بھی مزید بہتر کئے جائیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں