کراچی چڑیا گھر میں تین نئے مہمانوں کی آمد،افریقی شیر کے جوڑے نے تین عدد بچوں کو جنم دیا

پیر 9 ستمبر 2024 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) کراچی چڑیا گھر میں افریقی شیر کے جوڑے نے تین عدد بچوں کو جنم دیا ہے ، ان تین نئے مہمانوں کی آمد سے چڑیا گھر کی رونقوں میں اضافہ ہوگا، تینوں بچے اور شیرنی صحتمند ہیں، تینوں بچوں کو ابھی حفاظتی طور پر مخصوص پنجرے میں رکھا گیا ہے ، اگلے آٹھ ہفتوں کے بعد شیرنی کے تینوں بچوں کو عام پنجروں میں شفٹ کردیا جائے گا تاکہ چڑیا گھر آنے والے شہری انہیں قریب سے دیکھ سکیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کراچی چڑیا گھر کو مزید بہتر بنایا جائے گا ، نئے جانوروں کا اضافہ کیا جائے گا، تفریحی سہولیات بڑھائی جائیں گی، گزشتہ دنوں چڑیا گھر میں جدید فن لینڈ اور الیکٹرک ریل کا اضافہ کیا گیا ہے ، تاریخی مغل گارڈن کی تزئین و آرائش کی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کراچی چڑیا گھر میں ہر عمر کے افراد کے لئے تفریحی سہولتیں مہیا کی جائیں تاکہ پورا خاندان یہاں آکر لطف اندوز ہوسکے، میئر کراچی نے کہا کہ جانوروں اور پرندوں پر تحقیق کرنے والے محققین اور طالبعلموں کے لئے بھی یہاں خصوصی سہولت مہیا کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ وہ بہتر انداز میں مشاہدات اور تجربات کرسکیں، میئر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر ریکریشن اقبال نواز کو ہدایت کی کہ وہ شیرنی کے بچوں کا خاص خیال رکھیں اور ان کی صحت اور خوراک کی ازخود نگرانی کریں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں