جامعہ کراچی سمیت سندھ بھر کی جامعات میں تدریسی عمل معطل

ملک کی کسی بھی یونیورسٹی کے اندر بیوروکریٹ کو وی سی کا عہدہ سنبھالنے نہیں دیا جائے گا،فپواسا

جمعرات 16 جنوری 2025 12:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2025ء) سندھ بھر کی جامعات میں بیوروکریٹ وائس چانسلر کی تقرریوں کے خلاف فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا)کی جانب سے احتجاج کے باعث جامعہ کراچی سمیت سندھ بھر کی یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل معطل ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق جنرل سیکریٹری فپواسا پروفیسر ناگ راج نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل معطل کر دیا گیا ہے، سندھ بھر کی جامعات میں تدریسی عمل کل بھی معطل رہے گا۔

انھوں نے کہا سندھ بھر کی جامعات میں بیوروکریٹ وائس چانسلر کی تقرری قابل قبول نہیں ہوگی، دو دن کے احتجاج کے بعد مطالبات نہ مانے گئے تو سندھ اسمبلی اور وزیر اعلی ہائوس کا گھیرا کریں گے۔پروفیسر ناگ راج نے کہاکہ ان کا اگلا مرحلہ انتہائی سخت ہوگا، فپواسا نے اعلان کیا کہ ملک کی کسی بھی یونیورسٹی کے اندر بیوروکریٹ کو وی سی کا عہدہ سنبھالنے نہیں دیا جائے گا، حکومت خودمختاری کے خلاف اقدامات کر رہی ہے، کنٹریکٹ پر اساتذہ کی بھرتیاں افسوسناک ہیں۔

(جاری ہے)

تدریسی عمل کے بائیکاٹ کی وجہ سے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد گھروں کو واپس چلی گئی۔فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا)کے مطابق 18 ویں ترمیم اختیارات نجی سطح پر منتقل کرتی ہے، لیکن پیپلز پارٹی اختیارات کو مرکزیت کی طرف لے جا رہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں