پاکستانی اداکارو گلوکارفخر عالم دنیا کا سفرکرتے ہوئے کراچی پہنچ گئے

ہمیں فخرعالم پر فخر ہے،انہوں نے پاکستان کی تاریخ کا انوکھا کارنامہ سرانجام دیاہے،گورنر سندھ

منگل 16 اکتوبر 2018 16:04

پاکستانی اداکارو گلوکارفخر عالم دنیا کا سفرکرتے ہوئے کراچی پہنچ گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستانی اداکارو گلوکارفخر عالم دنیا کا سفرکرتے ہوئے کراچی پہنچ گئے ،گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اولڈ ٹرمینل پر ان کا استقبال کیا۔فخر عالم کے استقبال کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فخرعالم کو پورے پاکستان کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں، وہ ایک ایسا کام کررہے ہیں جس سے زندگی کوخطرہ ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمیں فخرعالم پر فخر ہے،انہوں نے پاکستان کی تاریخ کا انوکھا کارنامہ سرانجام دیاہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میںفخر عالم نے کہاکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فوج کاشکریہ اداکرتاہوں۔ وطن کی فضا میں آیا تو عجیب سا جذبہ تھا،میرا کا یہ سفر پاکستان کے لوگوں کے نام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فضائی قوانین کی وجہ سے صرف جوشوابریکن اورکرٹ روئے نے ساتھ دیا۔

ان دونوں کی معاونت کے بغیر سفر ممکن نہیں تھا۔کراچی فخر عالم کی بارہویں منزل ہے، یہاں سے وہ لاہور اورپھر اسلام آباد سے ہوتے ہوئے آگے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اداکار و گلوکار فخرعالم 10 اکتوبر کو اپنا بچپن کا خواب پورا کرنے کے لیے امریکی ریاست فلوریڈا سے سفرپر نکلے تھے، اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام بھی جاری کیا تھا۔فخرعالم 28 دنوں میں دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی ہوں گے جبکہ ان کا خواب بھی یہی تھا کہ وہ پہلے پاکستانی کہلائیں جو اکیلے جہاز اڑا کر پوری دنیا کا سفر کرے۔

اس حوالے سے انہیں نے ٹوئٹ بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے 28 دن میں پوری دنیا گھومنے کا منصونہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اس دوران وہ دنیا کے 30 مختلف ایئرپورٹس سے جہاز اڑائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں