کبریٰ خان پہلی بار خود سے بڑے حمزہ علی عباسی کی ماں بنیں گی

فلم کی دیگر کاسٹ میں سجل علی، احسن خان اور نعمان اعجاز جیسے نامور اداکار بھی شامل ہیں

منگل 23 اکتوبر 2018 12:42

کبریٰ خان پہلی بار خود سے بڑے حمزہ علی عباسی کی ماں بنیں گی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) اگرچہ فلموں اور ڈراموں میں کسی بھی عمر کے اداکار کو اس کی عمر اور جسمانی خدوخال کے برعکس بھی کردار دیے جاتے ہیں۔تاہم ایسا بہت ہی شاذ و نادر ہوتا ہے کہ کوئی نوجوان اداکارہ خود سے بھی بڑی عمر کے اداکار کی والدہ کا کردار ادا کرے۔شوبز میں یہ بات بھی ہوتی رہتی ہے کہ اداکاراؤں کو 40 سال کی عمر کے بعد ہیروئن کے کردار میں کم ہی کاسٹ کیا جاتا ہے۔

تاہم آنے والے پاکستانی ڈرامے میں نوجوان اداکارہ کبریٰ خان خود سے بھی بڑی عمر کے اداکار کی والدہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔جی ہاں، ‘جوانی پھر نہیں آنی 2’ میں ہیروئن بننے والی کبریٰ خان اب آنے والی پاکستانی ڈرامے ‘الف’ میں خود سے بڑی عمر کے حمزہ علی عباسی کی والدہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

(جاری ہے)

‘الف’ کی ہدایات حسیب حسن دے رہے ہیں، جب کہ اس کی دیگر کاسٹ میں سجل علی، احسن خان اور نعمان اعجاز جیسے نامور اداکار بھی شامل ہیں، جو اہم کردار میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

اس ڈرامے میں جہاں تمام اداکار مختلف اور انتہائی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، وہیں سب سے منفرد کردار میں 25 سالہ کبریٰ خان نظر آئیں گی، جو 34 سالہ حمزہ علی عباسی کی والدہ بنیں گی۔کبریٰ خان نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ ڈرامے میں ‘دل جہاں‘ نامی معروف ٹی وی اداکارہ کا کردار ادا کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ انہیں ڈرامے میں 1970 کی معروف ٹی وی اداکارہ کے طور پر دکھایا جائے گا، جب کہ انہیں ڈرامے میں حمزہ علی عباسی کی والدہ کے طور پر بھی دکھایا جائے گا۔انہوں نے ڈرامے کی کہانی کو شاندار قرار دیا اور کہا کہ وہ اس کے نشر کیے جانے کی منتظر ہیں۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ کبریٰ خان خود سے بڑی عمر کے اداکار کی ماں کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں