ماضی کی لیجنڈری اداکارہ زیبا74برس کی ہو گئی

اپنے وقت کی لیجنڈری اداکارہ زیبا 10 ستمبر1945 کوبھارت کے شہرانبالہ میں پیدا ہوئیں، زیبا کو 4 نگار ایوارڈ اور الیاس رشیدی گولڈ میڈل کے علاوہ دیگر اعزازات سے بھی نوازا گیا

بدھ 11 ستمبر 2019 12:56

ماضی کی لیجنڈری اداکارہ زیبا74برس کی ہو گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستانی فلموں کے سنہری دور کی ممتاز اداکارہ ، خوبصورتی میں بے مثال اور جن کی شخصیت بھی ہیکمال وہ ہیں ’’زیبا بیگم‘‘ جو آج اپنی74ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔اپنے وقت کی لیجنڈری اداکارہ زیبا 10 ستمبر1945 کوبھارت کے شہرانبالہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 1962 میں فلم ’’چراغ جلتا رہا‘‘ سے کیا۔

زیبا نے اپنے کیریئر میں 90 سے زائد فلموں میں کام کیا ۔ان کی سپر ہٹ فلموں میں’ ارمان ، ہیرا اور پتھر ، توبہ ، باجی ، محبت ، انسان اور آدمی ، جب جب پھول کھلے ، محبت زندگی ہے اور پھول میرے گلشن ‘ شامل ہیں ۔اداکارہ زیبا اور محمد علی کی فلم ’چراغ جلتا رہا ‘کو اس حوالے سے بھی تاریخ میں خاص اہمیت حاصل ہے کہ اس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

ان کی فلمی جوڑی وحید مراد اور کمال کے ساتھ بیحد مقبول ہوئی جبکہ ان کی اصل زندگی کی جوڑی محمد علی کے ساتھ جمی۔زیبا کی پہلی شادی اداکار سدھیر سے 1964 میں ہوئی تھی مگر یہ شادی زیادہ نہیں چل سکی اور دو سال تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی ۔اپنے دوسرے شوہر اداکار محمد علی کے ہمراہ 50 سے زائد فلموں میں کام کرکے انہوں نے ایک ریکارڈ قائم کیا ۔ زیبا کو 4 نگار ایوارڈ اور الیاس رشیدی گولڈ میڈل کے علاوہ دیگر اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں