اداکار سلمان فیصل نے بیوی سے طلاق کی خبروں پر وضاحت دیدی

طلاق نہیں ہوئی‘ غلط افواہیں پھیلانا بند کریں اور تکلیف دہ کمنٹس بھی نہ کریں‘سلمان فیصل

منگل 27 جولائی 2021 21:01

اداکار سلمان فیصل نے بیوی سے طلاق کی خبروں پر وضاحت دیدی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) زیادہ تر ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والی اداکارہ صبا فیصل کے بیٹے اداکار سلمان فیصل نے اہلیہ نیہا ملک سے طلاق کی خبروں پر وضاحت جاری کردی۔سلمان فیصل اور نیہا ملک نے دو سال قبل شادی کی تھی اور حال ہی میں صبا فیصل کی جانب سے اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے ہمراہ بہو کے بغیر تصویر شیئر کیے جانے پر یہ افواہیں پھیلی تھیں کہ ان کی بہو کی طلاق ہوگئی۔

صبا فیصل نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بیٹی سعدیہ فیصل، بیٹے سلمان اور ارسلان سمیت شوہر کے ہمراہ سمیت دیگر اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر شیئر کی تھیں مگر ان تصاویر میں ان کی بہو دکھائی نہیں دی تھی۔تصاویر میں سلمان فیصل کی بیوی کی غیر موجودگی پر مداحوں نے صبا فیصل پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ڈراموں کی طرح حقیقی زندگی کی بھی ولن قرار دیتے ہوئے کمنٹس کیے کہ نیہا ملک کی طلاق ہوگئی۔

(جاری ہے)

اگرچہ لوگوں کے نامناسب کمنٹس پر صبا فیصل نے جوابات بھی دیے تھے، تاہم زیادہ تر لوگوں نے دعوے کیے کہ سلمان فیصل کی بہن اور اس کی والدہ نے ان کی طلاق کروائی، کیوں کہ ان سے نیہا ملک کی محبت کی شادی برداشت نہیں ہوئی۔لوگوں کی سخت تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر بھی چہ مگوئیاں پھیل گئیں کہ سلمان فیصل اور نیہا ملک کے درمیان علیحدگی ہو چکی ہے اور ان کی طلاق کی خبریں بھی ہیں۔

تاہم اب سلمان فیصل نے بھی ایسی خبروں پر وضاحت دے دی اور دعویٰ کیا کہ ان کی طلاق نہیں ہوئی۔سلمان فیصل نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں غلط خبریں پھیلانے والے افراد پر تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی طلاق نہیں ہوئی۔انہوں نے مختصر پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غلط افواہیں پھیلانا بند کریں اور تکلیف دہ کمنٹس بھی نہ کریں۔سلمان فیصل کی پوسٹ پر لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے شکرانے ادا کیے کہ انہوں نے وضاحت جاری کردی اور ساتھ ہی انہیں اپنی اہلیہ کا ساتھ دینے کا مشورہ بھی دیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں