میگا کاسٹ ڈرامے ’’صنف آہن‘‘ کی پہلی قسط نے ہی شائقین کے دل جیت لیے

ڈرامے میں یمنیٰ زیدی پشتون فوجی افسر ’شائستہ خانزادہ‘جب کہ رمشا خان بلوچ فوجی افسر ’پرویش جمال‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں

پیر 29 نومبر 2021 12:07

میگا کاسٹ ڈرامے ’’صنف آہن‘‘ کی پہلی قسط نے ہی شائقین کے دل جیت لیے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) ہدایت کار ندیم بیگ کے ریلیز کیے جانے والے میگا کاسٹ ڈرامے ’صنف آہن‘ کی پہلی قسط نے ہی شائقین کے دل جیت لیے۔سجل علی، یمنیٰ زیدی، سائرہ یوسف، کبریٰ خان اور رمشا خان سمیت دیگر اداکاروں کی کاسٹ پر مبنی ڈرامے کی پہلی قسط کو 27 نومبر کی شب کو نشر کی گئی۔ڈرامے کا پہلا ٹیزر 11 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد مرکزی کاسٹ کے ٹیزرز کو الگ الگ جاری کرکے 20 نومبر کو ڈرامے کا ٹریلر ریلیز ہوا تھا۔

’صنف آہن‘ کی پہلی قسط ہی نشر ہوتے ڈرامے کا ٹرینڈ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہا اور لوگوں نے نہ صرف ڈرامے کے آغاز کو دوسروں سے مختلف قرار دیا بلکہ تمام اداکارائوں کی پرفارمنس کی تعریفیں بھی کیں۔زیادہ تر افراد نے یمنیٰ زیدی اور رمشا خان کی اداکاری کی تعریف کی اور لکھا کہ دونوں اداکارائوں نے پشتون اور بلوچی لڑکی کا کردار اچھے طریقے سے نبھایا۔

(جاری ہے)

ڈرامے میں یمنیٰ زیدی پشتون فوجی افسر ’شائستہ خانزادہ‘جب کہ رمشا خان بلوچ فوجی افسر ’پرویش جمال‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں۔اسی طرح سائرہ یوسف مسیحی فوجی لڑکی ’آرزو ڈینیئل‘، کبریٰ خان شہری فوجی افسر ’ماہجبین مستان‘ اورسجل علی ڈرامے میں ’رابعہ سفیر‘ کے کردار میں دکھائی دیں۔ڈرامے میں سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کا بھی اہم کردار ہے جو کہ ڈرامے میں سری لنکن فوجی کیڈٹ ’نتھمی پریرا‘ کا کردار ادا کیا ہے جب کہ اس میں ’پاوری گرل‘ دنانیر مبین بھی ’سیدہ سدرہ‘ نامی کیڈٹ کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہوتے ہی لوگوں نے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر ڈرامے کے اسکرین شاٹ اور کلپس شیئر کرتے ہوئے اس کی تعریفیں کیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں