’’صلاح الدین ایوبی‘‘ جلد نشر کیا جائے گا، ہمایوں سعید

ڈرامے کو مشترکہ طور پر دونوں ممالک کے پروڈیوسرز بنائیں گے

بدھ 25 مئی 2022 11:59

’’صلاح الدین ایوبی‘‘ جلد نشر کیا جائے گا، ہمایوں سعید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) سینیئر اداکار ہمایوں سعید نے آنے والے پاکستانی و ترکی کے مشترکہ ڈرامے ’صلاح الدین ایوبی‘ کے حوالے سے مداحوں کو اپڈیٹ دیتیہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ سیریز کو جلد نشر کردیا جائے گا۔ہمایوں سعید نے ’صلاح الدین ایوبی‘ کے پروڈیوسرز ڈاکٹر کاشف انصاری اور سید جنید علی شاہ کی جانب سے ترکی میں ڈرامے کے سیٹ کی تیاریوں کو دیکھنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ڈرامے کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

ان کی جانب سے شئیر کردہ ویڈیو میں پروڈیوسرز نے ترکی کے جنگلات اور پہاڑوں کے خوبصورت مقامات پر زیر تعمیر ڈرامے کے سیٹ دکھائے اور بتایا کہ ڈراما سیٹ کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور ان سیٹ کی تعمیر کے بعد ہی شوٹنگ شروع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

شیئر کی گئی ویڈیو میں مختلف مقامات پر لوگوں کو مختلف طرح کے ڈراما سیٹ تیار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے بتایا کہ ’صلاح الدین ایوبی‘ کی شوٹنگ کے لیے سیٹ کی تیاریوں کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کے بعد سیریز کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔انہوں نے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ جلد ہی ’صلاح الدین ایوبی‘ کو نشر کردیا جائے گا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔اگر مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے سیٹ کی تیاری کا کام رواں برس کے اختتام تک مکمل ہو جاتا ہے تو اگلے سال اس کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی اور پھر 2024 میں اس کے پہلے سیزن کو ممکنہ طور پر نشر کیا جا سکے گا۔

اس ڈرامے کے حوالے سے دسمبر 2021 میں پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ایشین کو بتایا تھا کہ ڈرامے کے آڈیشن کے پہلے مرحلے کے بعد چار پاکستانی اداکاروں عائشہ عمر، اشنا شاہ، فرحان آغا اور عدنان جیلانی کو کاسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے جب کہ مزید اداکاروں کو کاسٹ کیے جانے پر کام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں