قومی انٹر ڈپارٹمنٹ نیٹ بال چمپئن شپ شروع، پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا اور پاکستان پولیس نے پہلے دن میچز جیت لئے

منگل 18 دسمبر 2018 20:49

قومی انٹر ڈپارٹمنٹ نیٹ بال چمپئن شپ شروع، پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا اور پاکستان پولیس نے پہلے دن میچز جیت لئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے قومی انٹر ڈپارٹمنٹ نیٹ بال چیمپین شپ پی ایس بی کوچنگ سینٹر کراچی میں شروع ہو گئی ہے جس میں پاکستان آرمی، پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس اور پاکستان ریلوے کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی محمد رفیق پیرزادہ ڈایکٹر پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر تھے جنہوں نے بال کو شوٹنگ رنگ میں ڈال کر افتتاح کیا۔ افتتاحی میچ پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کے مابین کھیلا گیا جسے پاکستان آرمی نے 24کے مقابلے 34 سے جیت لیا۔ دیگر میچوں کی تفصیل درج ذیل ہیں۔ آج صبح کے سیشن میںپہلا میچ پاکستان آرمی اور پاکستان ائیر فورس مابین کھیلا گیا جسے پاکستان آرمی نے سخت مقابلے کے بعد 31 کے مقابلے 40گولوں سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسرے میچ پاکستان واپڈا اور پاکستان ریلوے کے مابین کھیلا گیا جسے پاکستان واپڈا نے 12کے مقابلے 64 گولوں سے جیت لیا ، تیسرے میچ پاکستان پولیس اور پاکستان نیوی کے مابین کھیلا گیا جسے پاکستان پولس نے 23 کے مقابلے 33 سے جیت لیا۔ان میچوں کو شازیہ یوسف، یاسر جاوید، آفتاب اقبال، محمد منیر، عریب حسین، فہد علی پیرزادہ، شوکت محموداور محمد عمران نے سپروائز کیا۔

کل کے میچوں میں پاکستان واپڈا کا مقابلہ پاکستان ائیر فورس سے ہو گا، پاکستان آرمی کا مقابلہ پاکستان پولیس سے ہو گا، پاکستان نیوی کا مقابلہ پاکستان ریلوے سے ہو گا۔اور شام کے سیشن میں پاکستان ائیر فورس کا مقابلہ پاکستان پولیس سے ہو گا، پاکستان واپڈا کا مقابلہ پاکستان نیوی سے ہو گا، پاکستان آرمی کا مقابلہ پاکستان ریلوے سے ہو گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں