نوجوانوں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا، اگر ہمیں بحیثیت قوم آگے بڑھنا ہے تو نوجوان کو مضبوط ہونا ہوگا، سرفرار احمد

ہماری نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ عدم برداشت، تشدداور منفی رویوں کی بیخ کنی کی جائے، وائس چانسلرجامعہ کراچی

پیر 25 مارچ 2019 19:30

نوجوانوں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا، اگر ہمیں بحیثیت قوم آگے بڑھنا ہے تو نوجوان کو مضبوط ہونا ہوگا، سرفرار احمد
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ نوجوانوں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا، اگر ہمیں بحیثیت قوم آگے بڑھنا ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان مضبوط ہوں،پڑھے لکھے نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں اور یہی آگے جا کر پاکستان کا نام روشن کریں گے،آپ نوجوانوں سے ہی ہماری توقعات وابستہ ہیںاور آپ لوگ ہی آگے بڑھ کر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

اللہ تعالی کی ذات پر یقین رکھیں کسی انسان پر بھروسہ نہ رکھیں اپنے آپ پر بھروسہ رکھیں اور اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ رکھیں ۔اللہ تعالیٰ سے آپ جو مانگیں گے اللہ تعالیٰ آپ کو ضرور دے گااور ہمیشہ جتنی آپ محنت کریں گے اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا صلہ دے گا۔

(جاری ہے)

آپ کے سامنے میں اپنی مثال دونگا کہ دوڈھائی سال قبل پاکستان کرکٹ ٹیم میں میری جگہ نہیں تھی آج میں پاکستان ٹیم کا کپتان ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کے زیر اہتمام کلیہ ہذا کی سماعت گاہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار بعنوان: ’’صحت مند نوجوان :مضبوط قوم‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سرفراز احمد نے مزید کہا کہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کاکلیدی کردارہوتاہے۔اساتذہ کرام ہمارے معاشرے کی وہ عظیم ہستیاں ہیں جو نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ اور انہیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرتے ہیں۔

آپ جب زندگی میں کسی بھی مقام پر پہنچے تواپنے اساتذہ کو لازمی یاد رکھیں۔ اور ان کا نام لیں آپ کے صرف نا م لینے سے ہی ان کو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے کیونکہ آپ کو جو مقام حاصل ہوا ہے اس میں والدین کے ساتھ ساتھ آپ کے اساتذہ کا بھی بہت اہم کردار ہوتاہے۔مجھے ہمیشہ پورے پاکستان اور بالخصوص کراچی کے لوگوں نے بہت پیاردیا ہے اور آج جامعہ کراچی کے طلبہ نے جو پیار دیا ہے وہ ہمیشہ مجھے یاد رہے گایہ آپ سب لوگوں کی دعائوں کا نتیجہ ہے کہ میں آج اس مقام پر پہنچاہوں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ فکری انقلاب کے بغیر معاشرہ کسی بھی طرح فلاح وبہتری کا اعلیٰ نمونہ نہیں بن سکتا۔ہماری نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ عدم برداشت، تشدداور منفی رویوں کی بیخ کنی کی جائے۔سرفراز کی جیت کسی قسمت کا نتیجہ نہیں بلکہ چاروں پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی اور حالیہ پی ایس ایل میں کامیابی ان کی محنت کا نتیجہ ہے۔

آج کے پروگرام کی مناسبت سے یوتھ کے لئے سرفراز احمد ایک رول ماڈل ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی کا طالب علم پاکستان کرکٹ ٹیم کو لیڈ کررہاہے۔آپ تمام طلبہ ان کو فولو کرتے ہوئے پاکستان کی کسی نہ کسی ٹیم کسی نہ چیز کو لیڈ کریں تاکہ ہم فخریہ کہہ سکیں کہ ہمارا اسٹوڈنٹس لیڈ کررہاہے۔ہمیں پاکستان کو اس قابل بنانا ہے کہ قرضہ حاصل کرنے بجائے دیگر ممالک کی مدد کرنے میں پیش پیش رہیں اور اس کے لئے نوجوانوں کو اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔

اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے نوجوانوں کو سخت محنت کرنی ہوگی تاکہ وہ لیڈ کرسکیں ۔ اپنے آپ کو علم کے میدان میں اتنا اونچا کرنا ہوگا کہ جب اس ملک کی تقدیر بدلنے کی تاریخ لکھی جائے توآپ کا کردار سب سے زیادہ اہم ہونا چاہیئے جس کی ایک مثال سرفراز احمد آپ کے سامنے موجود ہیں اور مجھے یقین ہے کہ سرفراز ورلڈ کپ بھی لے کر آئیں گے جب سرفراز ورلڈ کپ لاسکتے ہیں توآپ پاکستان کو دنیا کی ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کے لئے اپنا کرداراداکرسکتے ہیں۔

رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے کہا کہ مذکورہ سیمینار کا مقصد نوجوان طلباوطالبات کو ملک وقوم کی ترقی کے لئے اپنا کرداراداکرنے کے لئے راغب کرناہے۔بحیثیت استاد ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے طلباوطالبات کو سمجھائیں کہ کیا چیز ان کے لئے اچھی اور کیا بری ہے۔ آپ نوجوان ہی دنیا کے سامنے اپنے ملک و قوم کی شناخت ہیں اور آپ ہی کو اپنی قوم میں دوبارہ اس کی عظمت اور حیثیت کے احساس کو اجاگر کرنا ہی- آپ اپنے بزرگوں کی امید ہیں اور اپنے آنے والی نسل کے لئے ایک مثالی نمونہ۔

ماہرنفسیات ڈاکٹر عنیزہ نیاز نے کہا کہ اسلام کی جو قدریں ہیں جس کو غیر مسلم اپنا رہے ہیں وہ ہم بھول گئے ہیں۔آج باہر کے ممالک اور ان کی جامعات اور کالجز میں وہ سب کچھ کررہے ہیں،جو ہمارے ماں باپ ہمیں بچپن میں سکھارہے ہیں۔ اس سے پہلے مغرب میں ماڈل سائنس پڑھاتے تھے اور ماڈل سائنس وہ ہی ہے جو اسلام میں بتائی گئی ہے۔ہم سب کو اپنے معاشرے کا خیال رکھنا چاہیئے۔

ماہر غذاڈاکٹر عائشہ عباس نے کہا کہ خواب ضروردیکھیں خواب دیکھنا زندگی میں بہت ضروری ہے اور پھر ان خوابوں کی تعبیر کے لئے محنت کریں ۔جب خواب دیکھتے ہیں تب ہی زندگی میں جستجوہوتی ہے،وہ زندگی جس میں خواب نہ ہو وہ بہت ہی بے رونق زندگی ہے۔اینکررضوان جعفر نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اس کا مطلب صرف اپنی ذات تک محدود نہیں بلکہ یہ ہے کہ آپ جس جگہ پر موجود ہیں اس کو اس سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جائیں۔

اینکرپرسن اقرار الحسن نے کہا کہ یہ ملک کے حکمرانوں کی تبدیلی سے نہیں بلکہ اس کے قوم کے بدلنے سے بدلے گا۔اپنی ذات سے تبدیلی کا آغاز کیا جائے،اگر آج نوجوانوں کا سمت درست ہوگیااور ہم نے اپنا راستہ دیکھ لیا اور اپنی سمت کا احساس ہوگیا تو پاکستان تبدیل ہوجائے گا اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا۔اللہ تعالیٰ نے آپ کو جو اختیار دیا ہے جو استطاعت دی ہے لوگوں کی فلاح اور اپنے ملک وقوم کی ترقی کے لئے اپنا کردار اداکریں۔معروف سماجی کارکن وناموگلوکار شہزاد رائے نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی میں اب ایک ایسا ماحول دیکھ رہے ہیں کہ جس میں اظہاررائے کی آزادی ہے۔اس طرح کے مثبت رویے ہی معاشروں کے استحکام کا باعث بانتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں